Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ سلمان مرکز کی پاکستان اور صومالیہ کے لیے امداد

پاکستان میں بھیجے گئے تازہ ترین امدادی اقدام سے7,035 افراد مستفید ہوں گے۔ فوٹو واس
سعودی عرب کے کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے پاکستان اور صومالیہ کے لیے مزید امداد جاری کی گئی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے ایک ہزار سے زائد خیمے اور صومالیہ میں بے گھر ہونے والے افراد کے لیے چار ہزار ونٹر بیگز امدادی سامان میں شامل ہیں۔

صومالیہ میں فوری مدد کے دوسرے مرحلےمیں غذائی اشیا تقسیم کی گئی ہیں۔ فوٹو: واس

صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو بھیجی جانے والی امداد میں بے گھر خاندانوں کے لیے موسم سرما میں استعمال کے گرم کپڑے اور فوری ضرورت کی مد میں مختلف قسم کی دیگر اشیا شامل ہیں۔
کنگ سلمان امدادی مرکز نے صومالیہ میں قحط زدہ علاقے میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے تعاون سے چار ہزار خاندانوں کو یہ امدادی پیکج تقسیم کیے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ امداد انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سعودی عرب کی صومالیہ میں فوری مدد کا دوسرا مرحلہ ہے۔
علاوہ ازیں ضرورت مندوں کے لیے زندگی بچانے والے ہنگامی پروگراموں پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔
کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد میں ایک ہزار سے زائد خیمے تقسیم کیے ہیں۔

موغادیشو بھیجی جانے والی امداد میں بے گھر خاندانوں کے لیے گرم کپڑے شامل ہیں۔ فوٹو: واس

ایس پی اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں تازہ ترین امدادی اقدام سے سات ہزار 35 افراد مستفید ہوں گے۔
خادم حرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ہدایت پر پاکستانی سیلاب زدگان کی مدد کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ گذشتہ دنوں پاکستان میں آنے والے سیلاب نے کئی بستیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جہاں پر تاحال بحالی کا کام جاری ہے۔
کنگ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے مختلف ممالک میں ضرورت مند بچوں کے لیے خوراک اور غذائیت کے پروگراموں کے علاوہ پناہ گاہیں اور پینے کے پانی کی فراہمی کے سٹیشن بھی بنائے گئے ہیں۔
 
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: