مکہ میں لاپتہ ہونے والی بچی تین دن بعد گھر پہنچ گئی
والدہ کا دعوٰی تھا کہ نامعلوم افراد نے بچی کو اغوا کیا (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں لاپتہ ہونے والی پانچ سالہ بچی رتیل اسعد منگل کو تین دن بعد گھر پہنچ گئی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق رتیل اسعد سنیچر کی رات ساڑھے 11 بجے الشوقیہ واکنگ ٹریک سے لاپتہ ہو گئی تھی۔
رتیل اسعد کی والدہ کا دعوٰی تھا کہ نامعلوم افراد نے بچی کو اغوا کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر بھی بچی کے اغوا کے حوالے سے بات کی جا رہی تھی۔ بچی کی گمشدگی ٹاپ ٹرینڈ تھی۔
بچی کی والدہ کا کہنا تھا کہ ’اغوا کاروں نے پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے بچی کے بال کاٹ کر اس کا حلیہ بدل دیا تھا۔‘
سوشل میڈیا پر بچی کی گمشدگی کے حوالے سے شدید ردعمل آنے اور سکیورٹی الرٹ ہونے پر ملزمان نے پولیس کی نظروں میں آنے سے بچنے کے لیے بچی کو مسجد الحرام کے قریب چھوڑ دیا۔
والدہ نے بتایا ’بچی جب سے گھر آئی ہے مسلسل سو رہی ہے۔ وہ روتے روتے تھک گئی تھی۔‘
ریتال اسعد نے بتایا کہ ’اسے نہیں پتہ کہ اغوا کرنے والے کہاں لے گئے تھے۔‘
سکیورٹی اہلکار تفتتیش جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ اغوا کاروں تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سکیورٹی حکام نے اطمینان دلایا ہے کہ ’بہت جلد ملزموں کو پکڑ کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیا جائے گا۔‘