شاہ سلمان مرکز کے سربراہ اور یمنی وزیر کی ملاقات، متاثرین کی امداد پر تبادلہ خیال
یمن میں صحت منصبوں پر تقریباً 838 ملین ڈالر خرچ کیے گئے ہیں۔( فوٹو ایس پی اے)
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سپروائزر جنرل ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے یمن کے وزیر صحت عامہ قاسم محمد بحیبح سے سعودی دارالحکومت ریاض میں ملاقات کی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ملاقات کا مقصد جنگ زدہ ملک کے عوام کی مدد کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
قاسم محمد بحیبح نے ملاقات میں شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں یمن کے مصائب کو کم کرنے کے لیے سعودی عرب کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن میں صحت کے 356 سے زیادہ منصبوں پر تقریباً 838 ملین ڈالر خرچ کیے ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے حالیہ دنوں جنگ سے متاثرہ یمنی بچوں کو معاشرے میں دوبارہ ضم کرنے کے لیے ایک منصوبہ متعارف کرایا ہے۔
منصوبے کا مقصد 410 بچوں کو سکولوں میں واپس آنے میں مدد کرنا، ان کے خاندانوں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا اور مقامی لوگوں کو بچوں کے حقوق سے آگاہ کرنے کے لیے تربیتی کمیٹیاں قائم کرنا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے ایک بیان میں کہا کہ ’ اس منصوبے سے بالواسطہ طور پر 20 ہزار سے زیادہ افراد کے مستفید ہونے کی امید ہے‘۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ یہ منصوبہ پچھلی سکیموں کی طرح ہے جس نے 580 بچوں اور ان کے والدین کو دوبارہ ضم کرنے میں مدد کی ہے‘۔
دریں اثنا شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے رضاکاروں نے یمن کے سقطری گورنریٹ میں ایک ہفتہ طویل مہم کے دوران 106 تعمیر نو کے آپریشن اور521 مشاورتیں کیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے موبائل کلینکس نے یمن کے حجة گورنریٹ کے والاان کیمپ میں ایک ہفتے میں 172 بے گھر ہونے والے مریضوں کا علاج کیا جب کہ 86 کو دوائیں فراہم کیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے مصنوعی اعضا اور بحالی مرکز نے یمن کے مارب گورنریٹ میں ستمبر میں ایک ہزار 585 یمنی افراد کو طبی خدمات فراہم کیں جب کہ 316 مریضوں کو مصنوعی اعضا فراہم کیے۔
یہ خدمات یمن میں صحت کے شعبے میں بہتری لانے اور یمنی عوام کی مدد کے لیے مملکت کے ذریعے نافذ کیے گئے انسانی منصوبوں کے ایک حصے کے طور پر آتی جس کی نمائندگی شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کرتا ہے۔