Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیرآباد فائرنگ: وزیراعلٰی پنجاب کی جے آئی ٹی تشکیل دینے کی ہدایت

وزیراعلٰی  پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے وزیر آباد فائرنگ کیس پر جے آئی ٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی ہے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعلی نے کہا کہ جاننا چاہتے ہیں کہ فائرنگ کے محرکات کیا تھے۔
قبل ازیں وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے پنجاب حکومت سے واقعہ کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مبینہ ملزم کا ویڈیو بیان لیک کرنے والے اہلکاروں کے موبائل فرانزک کے لیے بھجوا دیے تاکہ پتہ چلے ان کا کن سے رابطہ تھا۔
’جے آئی ٹی میں کاؤنٹر ٹیرریزم ڈیپارٹمنٹ ہو گا، خان صاحب بالکل ٹھیک اور محفوظ ہیں۔‘ ان کے مطابق بظاہر لگتا ہے کہ حملہ کرنے والے ایک نہیں دو بندے ہیں۔
وزیراعلی کے مطابق عمران خان نے ملاقات میں کہا میں اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ میڈیا کو بیان لیک کرنے والے پولیس عملے کو معطل کر کے موبائل ضبط کر لیے ہیں- ’فرانزک رپورٹ سے جاننا چاہتے ہیں کہ کس سے پولیس والوں کا رابطہ تھا-جہاں ملزم نے موٹر سائیکل کھڑی کی اس کے رشتے داروں کا کس سے رابطہ تھا- چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ تفتیش آگے بڑھے گی تو میڈیا کے سامنے لائیں گے، ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے-‘
وفاقی حکومت نے عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے حوالے سے شفاف تحقیقات کے لیے پنجاب حکومت سے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
جمعرت کی رات کو وفاقی وزرا کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ معاملے کی شفاف اور بے لاگ انکوائری کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے تاکہ اصل حقائق عوام کے سامنے رکھے جائیں۔ 
وزیرداخلہ نے اسد عمر کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو آگ آپ لگا رہے ہیں یہ انتہائی افسوسناک ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے پر سیاست نہ کی جائے۔
جمعرات کو فائرنگ کے واقعے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں مریم اورنگزیب نے سیاسی رہنماؤں سے درخواست کی کہ وہ الفاظ کا چناؤ اور بیانات ذمہ داری سے دیں، غیر ذمہ دارانہ بیانات سے پرہیز کریں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت، پنجاب پولیس اور وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے حقائق سامنے آنے تک غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے پنجاب پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جائے وقوعہ کو محفوظ بنایا جائے تاکہ تحقیقات میں مدد مل سکے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ واقعہ پنجاب حکومت کی حدود میں پیش آیا، پنجاب پولیس، انتظامیہ اور صوبے کی انٹیلی جنس اس واقعے پر اپنی رپورٹ دے گی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ہدایت کی ہے کہ چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلٰی پنجاب میڈیا پر آ کر اس واقعے کے حقائق سے متعلقعوام کو آگاہ کریں اور واقعے کی رپورٹ طلب کریں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت واقعے کی تحقیقات میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والا شخص گرفتار ہو گیا ہے اور اس نے تسلیم کیا ہے کہ اس نے عمران خان کو گولی مارنے کی کوشش کی۔
’یہ شخص پنجاب پولیس کی حراست میں ہے، پولیس اس کا بیان ریکارڈ کر رہی ہے۔ پنجاب پولیس جائے واقعہ کو فوری طور پر سیل کرے۔ یہیں سے واقعے کی تحقیقات کا آغاز ہوگا۔‘

شیئر: