اہلکاروں کی بروقت اورماہرانہ کارروائی سے علاقہ بڑی تباہی سے بچ گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
مدینہ منورہ شہری دفاع کی ٹیم نے پیٹرول ٹینکرمیں لگنے والی آگ پرقابوپالیا۔ آتشزدگی سے دوافراد زخمی ہوئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ شہری دفاع کی بروقت اورماہرانہ کارروائی سے علاقہ بڑی تباہ سےمحفوظ رہا۔
اخبار 24 کے مطابق مدینہ منورہ کے محلے ’العریض‘ میں پیٹرول اسٹیشن کے باہرموجود ٹینکرمیں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ٹینکرمیں لگنے والی آگ سے یہ خدشتہ پیدا ہوگیا تھا کہ پیٹرول اسٹیشن بھی اس کی لپیٹ میں نہ آ جائے۔
شہری دفاع کے اہلکار کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہیں متعلقہ ٹیمیں جائے وقوعہ پرپہنچ گئیں جنہوں نے آگ بجھانے کی کارروائی کا آغاز کردیا۔
فائرفائٹرز نے آپریشن کو دوحصوں میں تقسیم کیا ۔ پہلے گروپ کو ٹینکرمیں لگی آگ پرقابو پانا تھا جبکہ دوسرا گروپ پیٹرول اسٹینش کو آتشزدگی سے محفوظ رکھنے کےلیے کوشاں تھا۔
اہلکاروں نے پیٹرول اسٹیشن کو آتشزدگی سے محفوظ رکھنے کے لیے مخصوص کیمیکل پیٹرول اسٹیشن کے اطراف میں اسپر کیا جس کے سبب آگ پرقابوپانے میں سہولت ہوئی۔
شہری دفاع کے اہلکاروں نے اسٹیشن میں موجود پیٹرول ٹینکوں کو انتہائی مہارت سے محفوظ کیاجس سے علاقہ بڑی تباہ سے بچ گیا۔
آگ پرمکمل طورپرقابو پانے کے بعد متاثرہ مقام کومتعلقہ ادارے کی تفتیشی ٹیم کے سپرد کردیا جو آگ لگنے کا سبب معلوم کریں گی۔