امارات کی طرف سے بھی عمران خان پر حملے کی مذمت
تشدد اور دہشت گردی کے خلاف یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا ہے(فوٹو ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق وزارت خارجہ و بین الاقوامی تعاون نے ایک بیان میں تشدد اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ’ متحدہ عرب امارات انسانی اقدار اور اصولوں کے منافی ان مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے جن کا مقصد سلامتی اوراستحکام کو غیر مستحکم کرنا ہے‘۔
یاد رہےکہ سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ اور ان کے زخمی ہونے کے بعد مختلف ملکی وعالمی رہنماؤں نے واقعے کی مذمت کی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی دفتر خارجہ کی جانب سےجمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی کوشش کی سخت الفاظ میں مذمت اورشدید ناگواری کا اظہار کرتا ہے۔
دفتر خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’مملکت، پاکستان کے امن و استحکام اور اس کے ترقیاتی عمل کو مخدوش کرنے والی ہر سرگرمی کے خلاف پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے‘۔