تعلقات کا فروغ، سعودی عرب اور تھائی لینڈ رابطہ کونسل قائم کریں گے
دونوں ملکوں کے دو طرفہ تعلقات 1980 کی دہائی میں تعطل کا شکار ہو گئے تھے( فائل فوٹو عرب نیوز)
تھائی لینڈ کی وزارت تجارت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ ’تھائی لینڈ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت نئے بحال ہونے والے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ ایک رابطہ کونسل قائم کرنے کی تیاری کر رہا ہے‘۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب اور تھائی لینڈ کے دو طرفہ تعلقات 1980 کی دہائی میں تعطل کا شکار ہو گئے تھے۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی تجدید اس وقت ہوئی جب تھائی لینڈ کے وزیراعظم ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر رواں برس جنوری کے آخر میں ریاض آئے۔ یہ تین دہائیوں میں دونوں ممالک کے درمیان پہلی اعلیٰ قیادت کی ملاقات تھی۔
تھائی وزیر اعظم کے دورے میں مملکت اور تھائی لینڈ نے اپنے دوطرفہ تعلقات کے لیے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا۔
تھائی لینڈ کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ڈارم بوونتھم نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے کے دوران روڈ میپ کو سرکاری طور پر بنایا جائے گا۔
تھائی قیادت نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو 18-19 نومبر کو بنکاک میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن سمٹ میں شرکت کے لیے بطور مہمان خصوصی مدعو کیا ہے۔
تھائی وزارت تجارت میں تجارتی مذاکرات کے شعبہ کی ڈائریکٹر اوما پورن فٹراکول نے عرب نیوز کو بتایا کہ اس دورے کے دوران تعلقات کے روڈ میپ پر عمل درآمد کے لیے رابطہ کونسل قائم ہونے کی امید ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’جب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان تھائی لینڈ کا دورہ کریں گے تو رابطہ کونسل کی تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا‘۔
اوما پورن فٹراکول کا مزید کہنا تھا کہ’ رابطہ کونسل کمیٹیوں پر مشتمل ہو گی اور ان میں سے ایک تجارت اور معیشت ہو گی جس پر اتفاق کیا گیا ہے کہ دونوں طرف سے تجارت کی وزارتیں مشترکہ طور پر سربراہ ہوں گی‘۔
سعودی عرب اور تھائی لینڈ کے دوطرفہ تعلقات کی بحالی کے بعد سے بہت سے معاہدوں اور سرکاری دورے ہو چکے ہیں۔ دونوں حکومتوں نے تعاون کے کئی معاہدوں پر بھی دستخط کیے ہیں اور ان کے درمیان تجارت کے حجم میں پہلے ہی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
سعودی وزارت تجارت کے اعداد و شمار کے مطابق فروری اور ستمبر 2022 کے درمیان تھائی لینڈ اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 7.2 بلین ڈالر تک پہنچ گیا جو پچھلے سال کی اسی مدت میں 4.5 بلین ڈالر تھا۔
اسی ٹائم فریم میں سعودی عرب کو تھائی لینڈ کی برآمدات 1.3 بلین ڈالر تھیں جو 23 فیصد زیادہ تھیں جب کہ درآمدات 5.9 بلین ڈالر تھیں جس میں 72 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا تھا۔
2022 میں سعودی عرب کو تھائی لینڈ کی سرفہرست برآمدات میں آٹوموبائل،سپیئر پارٹس، لکڑی کی مصنوعات، گھریلو ایپلائینسز، الیکٹرک ڈیوائسز اور پراسیسڈ سی فوڈ شامل تھے۔
سعودی عرب سے اہم درآمدات خام تیل، کھاد، قدرتی گیس اور دھاتی مصنوعات تھیں۔
سعودی عرب اور تھائی لینڈ کے درمیان تجارت میں مزید بہتری کی توقع ہے کیونکہ تعاون کونسل دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے فریم ورک کے ساتھ آئے گی۔