جنسی حملے کا الزام، سری لنکن کھلاڑی دنشکا گوناتھیلاکا عدالت میں پیش
جنسی حملے کا الزام، سری لنکن کھلاڑی دنشکا گوناتھیلاکا عدالت میں پیش
پیر 7 نومبر 2022 7:50
سری لنکن کھلاڑی دنشکا گوناتھیلاکا پر سڈنی میں ایک خاتون پر جنسی حملے کا الزام ہے۔ فوٹو:
جنسی حملے کے الزام میں گرفتار سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی دنشکا گوناتھیلاکا درخواست ضمانت کے لیے سڈنی کی عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سڈنی کی جیل میں قید دنشکا گوناتھیلاکا پیر کی صبح کو مقامی عدالت ڈاؤننگ سنٹر میں ویڈیو لنک کے ذریعے عدالتی کارروائی میں شامل ہوئے۔
کھلاڑی کے وکیل انندا امارانتھ نے 31 سالہ دنشکا گوناتھیلاکا کی درخواست ضمانت عدالت میں جمع کروائی۔
میجسٹریٹ رابرٹ ولیمز نے ضمانت کی درخواست سننے سے پہلے ہی کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
اتوار کو کرکٹر دنشکا گوناتھیلاکا کو آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ایک خاتون پر جنسی حملے کے الزام کی بنیاد پر پولیس نے حراست میں لیا ہے۔
آسٹریلیا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے میچز میں سری لنکا کی انگلینڈ سے شکست کے چند گھنٹوں بعد اوپنر دنشکا گوناتھیلاکا کو پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
آسٹریلیا میں نیو ساؤتھ ویلز کی پولیس نے جاری بیان میں کہا تھا کہ جنسی جرائم کی تحقیقات کرنے والے سکواڈ نے سڈنی میں ایک خاتون پر گزشتہ ہفتے ہونے والے مبینہ جنسی حملے کا الزام ایک سری لنکن شہری پر عائد کیا ہے۔
سری لنکا کے کرکٹ بورٖڈ نے تصدیق کی تھی کہ سری لنکن شہری 31 سالہ دنشکا گوناتھیلاکا ہیں۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اتوار کو جاری بیان میں کہا تھا کہ ’سری لنکا کرکٹ نے تصدیق کی کہ انہیں انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آگاہ کیا کہ کھلاڑی دنشکا گوناتھیلاکا کو جنسی حملے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ سری لنکن کرکٹ (ایس ایل سی) آئی سی سی سے مشاورت کے ساتھ عدالتی کارروائی کو مانیٹر کرتے ہوئے جلد معاملے کی انکوائری کا آغاز کرے گا اور جرم ثابت ہونے کی صورت میں کھلاڑی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق دنشکا گوناتھیلاکا کو اتوار کی صبح سڈنی میں ایک ہوٹل سے گرفتار کیا گیا تھا۔
دنشکا گوناتھیلاکا پر رضامندی کے بغیر جنسی عمل کا الزام ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ڈیٹنگ ایپ پر چند دنوں سے جاری بات چیت کے بعد دنشکا نے خاتون سے سڈنی میں ملاقات کی۔ پولیس کے مطابق خاتون کے گھر پر دنشکا گوناتھیلاکا نے متعدد بار ان پر جنسی حملے کیے۔
خیال رہے کہ تین ہفتے قبل دنشکا انجری کا شکار ہونے کے بعد ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے تھے تاہم انہیں وطن واپس بھیجنے کے بجائے سکواڈ کے ہمراہ آسٹریلیا میں رکھا گیا۔
سری لنکن کھلاڑی دنشکا گوناتھیلاکا نے بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز 2015 میں کیا تھا اور اب تک 8 ٹیسٹ، 47 ون ڈے انٹرنیشنل اور 46 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔