نوواک جوکووچ ایک بار پھر آسٹریلوی حراستی مرکز میں، عدالت میں اپیل دائر
جوکوچ گزشتہ ہفتے آسٹریلیا میں داخل ہونے کا مقدمہ جیتے تاہم حکام نے ویزہ دوبارہ منسوخ کیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلوی حکام کی جانب سے دوسری بار ویزہ منسوخ کیے جانے پر سربیا کے ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ سنیچر کی رات امیگریشن حراستی مرکز میں گزاریں گے۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق دنیا کے نمبر ون ٹینس کھلاڑی نے آسٹریلین اوپن میں شرکت کی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں اور انہوں نے حکام کی جانب سے آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کیے جانے کے فیصلے کو عدالت میں چلینج کیا ہے۔
روئٹرز نے عینی شاہد کے حوالے سے بتایا ہے کہ جوکووچ کو ایک بار پھر ملبورن کے پارک ہوٹل حراستی مرکز لایا گیا جہاں ان کو گزشتہ ہفتے بھی رکھا گیا تھا۔
اس موقع پر پناہ گزینوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں نے 'تشدد ختم کرو، ان کو جانے دو'، کے نعرے لگائے۔
آسٹریلوی بارڈر فورس کے اہلکاروں اور جوکووچ کی گاڑیاں حراستی مرکز کے دروازے سے داخل ہو کر زیر زمین پارکنگ کی جانب گئیں۔
اس مرکز میں آسٹریلوی حکام نے 33 تارکین وطن کو رکھا ہے آسٹریلیا میں پناہ لینا چاہتے ہیں۔
نوواک جوکووچ کورونا ویکسین لگانے سے انکاری ہیں اور آسٹریلوی حکام نے ان کو ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ نہ ہونے پر ملک میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کیا تھا۔
جوکووچ نے عدالت میں فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر کے مقدمہ جیت لیا تھا تاہم حکام نے دوبارہ ان کا ویزہ منسوخ کر کے ملک بدر کرنے کی کارروائی شروع کی ہے۔