گرین مشرق وسطی انیشیٹو کا مشترکہ اعلامیہ جاری
’ماحولیاتی تحفظ کے لیے خطے میں 50 بلین درخت لگائے جائیں گے‘ ( فوٹو: سبق)
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز کی سرپرستی اورمصری صدر عبد الفتاح السیسی کی دعوت پر شرم الشیخ میں گرین انیشیٹو کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری ہوا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کانفرنس میں سربراہان نے ماحولیات کو نقصان پہنچانے والے عوامل کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کانفرنس کے شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے خطے میں 50 بلین درخت لگائے جائیں گے۔
سربراہان نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ ایک علاقائی مرکز قائم کیا جائے گا جو ماحولیاتی تحفظ اور موسمی تغیرات پر نظر رکھے گا۔
آبی حیات اور سمندری تحفظ کے لیے بھی اتفاق رائے ہوا ہے جس کے متعلق تمام ممالک کے درمیان پیشگی ہم آہنگی ہوگی۔
سربراہان نے صاف و پاک توانائی کی فراہمی کے علاوہ دنیا بھر میں 750 افراد کو غذا فراہم کرنے کی بھی حامی بھر لی ہے۔
علاوہ ازیں کاربن کے اخراج میں کمی لانے پر بھی اتفاق ہواہے جس کے لیے 39 بلین ریال کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ غذا کی فراہمی اور کاربن کے اخراج کے لیے مختص بجٹ میں سے 15 فیصد سعودی عرب ادا کرے گا۔
کانفرنس نے افریقہ میں شجر کاری اور ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت پر بھی زور دیا ہے۔
کا نفرنس کے اختتام میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔