انگلینڈ نے انڈیا کو کھیل بُھلا دیا، فائنل اتوار کو پاکستان کے ساتھ
انگلینڈ نے انڈیا کو کھیل بُھلا دیا، فائنل اتوار کو پاکستان کے ساتھ
جمعرات 10 نومبر 2022 10:33
ایلکس ہیلز کو ان کی دھواں دار بیٹنگ کی وجہ سے مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے انڈیا کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
اتوار کو فائنل میں پاکستان اور انگلینڈ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں مدمقابل ہوں گے۔ 30 سال بعد دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ کے فائنل میں آمنے سامنے آئیں گی۔ آخری بار 1992 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں دونوں ٹیموں کا مقابلہ ہوا تھا۔
انگلینڈ نے 169 رنز کا ہدف ایلکس ہیلز اور جوز بٹلر کی شاندار بیٹنگ کے باعث 16 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کیا۔ ایلکس ہیلز 86 اور جوز بٹلر 80 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں اوپنرز کے آگے انڈین بولرز بالکل بے بس نظر آئے۔
جمعرات کو ایڈیلیڈ اوول گراؤنڈ میں ٹاس جیت کر کے انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ انڈیا نے ہاردک پانڈیا کے شاندار 63 اور وراٹ کوہلی کے 50 رنز کی بدولت 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے کرس جورڈن سے تین اور عادل رشید، کرس ووکس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کی اننگز
ایک انتہائی اہم میچ میں 169 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنرز میدان میں اترے تو جوز بٹلر نے بھونیشور کمار کو پہلے اوور میں تین چوکے لگا کر اپنے عزائم کا اظہار کر دیا۔
بٹلر نے گزشتہ روز کہا تھا کہ وہ پوری کوشش کریں گے کہ ٹی20 ورلڈکپ کا فائنل انڈیا اور پاکستان کے درمیان نہ ہو۔ اور آج انہوں نے اپنا کہا سچ ثابت کر دیا۔
جوز بٹلر اور ایلکس ہیلز نے روہت شرما کے سارے اندازے غلط ثابت کر دیے اور انڈین بولنگ کو ایسا دیوار سے لگایا کہ 16 اوور تک انگلینڈ کا ہی راج رہا۔
انڈین بولرز بالکل بے بس دکھائی دیے۔ کیا فاسٹ بولرز اور کیا سپنرز جو بھی آیا چھکا کھا کر واپس گیا۔
بٹلر اور ہیلز نے ٹی20 ورلڈ کپ کی سب سے بڑی اوپنگ شراکت قائم کی۔ دونوں نے 96 گیندوں پر 170 رنز بنائے جس میں 13 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔
ایلکس ہیلز نے 47 گیندوں پر سات چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے جبکہ جوز بٹلر نے 49 گیندوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے۔
16 ویں اوور کی آخری گیند پر جوز بٹلر نے چھلا لگا کر اپنی ٹیم کی جیت کا اعلان کیا۔
انڈیا کی جانب سے محمد شامی سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے۔ انہوں نے تین اوورز میں 39 رنز دیے۔
ایلکس ہیلز کو ان کی دھواں دار بیٹنگ کی وجہ سے مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
انڈیا کی اننگز
انڈیا کی جانب سے روہت شرما اور کے ایل راہل نے اننگز کا آغاز کیا جو اچھا ثابت نہ ہوا۔ کے ایل راہل جو اچھی فارم میں ہیں، کرس ووکس کی ایک آؤٹ سوئنگ پر وکٹ کیپر جوز بٹلر کو کیچ پکڑا بیٹھے۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے سکور کو آگے بڑھایا اور ٹیم کو دباؤ سے نکالا۔ دونوں کے درمیان 47 رنز کی شراکت داری بنی، جس کے بعد روہت شرما 28 گیندوں پر 27 رنز بنا کر کرس جورڈن کو ہٹ لگانے کی کوشش میں کیچ پکڑا بیٹھے۔
انڈیا کی رنز مشین سوریاکمار یادو نے میدان میں آتے ہی اپنا رنگ دکھانا شروع کر دیا لیکن عادل رشید کی ایک لیگ بریک پر وہ ٹھیک ہٹ نہ لگا سکے اور باؤنڈری پر کیچ دے دیا۔
وراٹ کوہلی اور ہاردک پانڈیا نے سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان 61 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔ کوہلی نے ٹورنامنٹ میں اپنی چوتھی نصف سینچری مکمل کی۔ وہ 40 گیندوں پر چار چوکوں اور چھکے کی مدد سے 50 رنز بنا کر کرس جورڈن کا نشانہ بنے۔
انڈیا کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی رشبھ پنت تھے وہ 20 ویں اوور میں چھ رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ انڈیا کی اننگز کی خاص بات ہاردک پانڈیا کی شاندار اننگز تھی۔ انہوں نے 33 گیندوں پر پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے اور 20 اوور کی آخری گیند پر کرس جورڈن کی بال پر ہٹ وکٹ آؤٹ ہوگئے۔
دونوں ٹیموں کے سکواڈ
انڈیا: کے ایل راہل، روہت شرما (کپتان)، وراٹ کوہلی، سوریاکمار یادو، رشبھ پنت، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، روی چندرن ایشون، محمد شامی، بھونیشور کمار، ارشدیپ سنگھ۔