پرائیویٹ سیکٹر میں 22 لاکھ سے زائد سعودی شہری، ’یہ ایک ریکارڈ ہے‘
انجینیئر احمد الراجحی کا کہنا تھا کہ’بینکوں کے ذریعے تنخواہوں کی ادائیگی کا پروگرام 80 فیصد تک کامیاب رہا‘(فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی نے کہا ہے کہ ’پرائیویٹ سیکٹر کی کمپنیوں و اداروں میں 22 لاکھ سے زیادہ سعودی نوجوان کام کر رہے ہیں اور یہ ایک ریکارڈ ہے۔‘
عکاظ اخبار کے مطابق سعودی وزیرافرادی قوت نے احمد الراجحی کہا کہ ’سعودی وژن 2030 سے قبل اقتصادی سرگرمیوں میں سعودی خواتین کی شرکت کا تناسب 17.7 فیصد تھا جو بڑھ کر اب 35.6 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔‘
سعودی وزیر افرادی قوت نے ریاض اکنامک فورم 10 میں ایک مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سال رواں کے اختتام سے قبل سعودائزیشن کے حوالے سے 11 اہم فیصلے کیے گئے۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے مثبت ردعمل آیا اور 98 فیصد تک نے سعودائزیشن کے فیصلے پر عملدرآمد کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس سال کے اختتام تک 11 شعبوں میں مقامی افراد کی بھرتی کا ہدف پورا کیا جائے گا۔‘
ان کے مطابق ’بینکوں کے ذریعے تنخواہوں کی ادائیگی کا پروگرام 80 فیصد تک کامیاب رہا ہے۔‘
انجینیئر احمد الراجحی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’قوی پلیٹ فارم 30 لاکھ سے زیادہ صارفین اور 10 لاکھ سے زائد کمپنیوں کو127 سروسز فراہم کر رہا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’وزارت ان دنوں قوانین پر نظرثانی کر رہیی ہے۔ اس کا مقصد لیبر مارکیٹ کو بہتر بنانا ہے۔‘