Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ جی 20 کے نتائج کی حمایت کریں گے‘ شہزادہ محمد بن سلمان انڈونیشیا سے روانہ

بالی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انڈونیشیا کے وزرا اور متعدد عہدیداروں نے الوداع کیا ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے جی 20 سربراہ اجلاس میں شرکت کے بعد روانگی کے موقع پرعالمی معیشت کے فروغ اور جی 20 کانفرنس کے نتائج میں شراکت کے لیے سعودی عرب کی سپورٹ پرزور دیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد نے انڈونیشیا سے روانگی کے بعد اپنے پیغام میں جی 20 سربراہ اجلاس کے قائد انڈونیشی صدر جوکوویدودو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے 20 سربراہی اجلاس میں مثبت نتائج کی تعریف کی ہے۔
 شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ’ جی 20 سربراہ اجلاس کی قراردادیں اہم ہیں۔ ہمیں امید ہے یہ قراردادیں جی 20 میں شامل ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے  اورعالمی اقتصادی ترقی کی شرح بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوں گی‘۔
انہوں نے جی 20 سربراہ اجلاس کی کامیاب میزبانی اور شاندار کامیابیوں پرانڈونیشیا کے صدر کو مبارکباد دی۔ ان کی جانب سے پرتپاک استقبال اورفراخدلانہ میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
سعودی ولی عہد نے انڈونیشیا کے عوام کے لیے مزید ترقی اور خوشحالی کی بھی خواہش کا اظہار کیا۔
قبل ازیں شہزادہ محمد بن سلمان کو بالی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انڈونیشیا کے وزیر برائے سمندری و سرمایہ کاری امور، سعودی سفیر اور متعدد عہدیداروں نے الوداع کہا۔ 

شیئر: