Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی 20: سعودی ولی عہد کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں اور عشائیے میں شرکت

انڈونیشیا میں جی 20 سربراہی کانفرنس کا آغاز ہوا ہے جس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سعودی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کانفرنس میں جی 20 ممالک کے سربراہان شریک ہیں جو دنیا کو درپیش متعدد مسائل پر تبادلہ خیال کے لیے جمع ہوئے ہیں جس میں یوکرین کی جنگ، عالمی اقتصادی بدحالی اور غذائی تحفظ سمیت دیگر امور شامل ہیں۔
قبل ازیں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے کانفرنس ہال میں پہنچنے پر انڈونیشی صدر جوکو ویڈوڈو نے استقبال کیا۔
بعدازاں تمام شرکا ہال میں پہنچے جہاں کانفرنس کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں سعودی وفد میں وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت ڈاکٹر مساعد العیبان، وزیر تجارت و قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی، وزیر پانی و زراعت انجینیئر عبدالرحمٰن الفضلی، وزیر خزانہ محمد الجدعان، وزیر اتصالات و انفارمیشن ٹیکنالوجی عبد اللہ السواحہ، وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد الفالح اور وزیر صحت فہد الجلال شامل ہیں۔
جی 20 کے سربراہ انڈونیشیا کے صدر نے سربراہی اجلاس میں اتحاد پر زور دیا ہے۔
انہوں نے افتتاحی خطاب میں یوکرین کی جنگ کا براہ راست ذکر کیے بغیر کہا کہ ’جی 20 کو دنیا کو ایک اور سرد جنگ میں نہیں پڑنے دینا چاہیے۔ اس تنازع کو ختم ہونا چاہیے۔ اگر جنگ ختم نہ ہوئی تو دنیا کے لیے آگے بڑھنا مشکل ہو جائے گا۔‘
ادھر کانفرنس کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوئی ہے۔
اسی طرح ترک صدر رجب طیب اردغان سے بھی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ، علاقائی اور بین الاقوامی ترقی  اور مختلف شعبوں میں تعاون  پر بات چیت کی گئی۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون سے بھی ملاقات کی ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) کی ڈائریکٹر جنرل کرسٹالینا جارجیوا نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔
مملکت اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی ولی عہد سے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی اور فیفا کے سربراہ نے بھی ملاقات کی ہے۔ 
جی 20 میں شریک ممالک کے قائدین اور وفود کے سربراہوں کے ساتھ شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقاتوں کو میڈیا نے خصوصی کوریج دی۔ 
 جی 20 سربراہوں کے اعزاز میں عشائیہ 
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جی 20 کے سربراہوں اور عالمی تنظیموں کے نمائندوں کے اعزاز میں انڈونیشی صدر کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت کی ہے۔
الاخباریہ کے مطابق انڈونیشی صدر جوکوویدودو نے عشائیے کے پہنچنے پر سعودی ولی عہد اور عالمی رہنماؤں کا خیرمقدم کیا۔
 شہزادہ محمد بن سلمان نے عشائیہ کے دوران چینی صدر اور دیگر رہنماؤں کے دوستانہ ماحول میں بات چیت کی۔

شیئر: