Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد سرکاری دورے پر سیئول پہنچ گئے، کورین وزیراعظم سے مذاکرات

سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے بدھ کو سیئول میں جنوبی کوریا کے وزیراعظم ہان ڈوک سو کے ساتھ سرکاری مذاکرات کیے ہیں۔ 
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مذاکرات میں دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں مزید مضبوط بنانے کے طریقوں اور دوطرفہ تعاون کی نئی جہتوں کا جائزہ لیا گیا۔ 
مذاکرات میں سعودی ولی عہد کی معاونت  کے لیے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیزبن سعود، وزیر نیشنل گارڈز شہزادہ عبداللہ بن بندر، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت و رکن کابینہ و مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر مساعد العیبان، وزیر تجارت و قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی، وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح، وزیر اقتصاد و منصوبہ بندی  فیصل الابراہیم، گورنر پبلک انویسٹمنٹ فنڈ یاسر الرمیان، سیکریٹری ولی عہد ڈاکٹر بندر الرشید اور کوریا میں سعودی سفیر سامی السدحان موجود تھے۔
جنوبی کوریا کے وزیراعظم کی معاونت سیئول کے اعلٰی عہدیداروں پر مشتمل سرکاری وفد نے کی۔  
قبل ازیں سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بدھ کو سرکاری دورے پر جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول پہنچے تو سیئول ایئربیس پر جنوبی کوریا کے وزیراعظم ہان ڈوک سو نے ان کا خیرمقدم کیا۔
سیئول پہنچنے پر شہزادہ محمد بن سلمان کا سرکاری استقبال کیا گیا۔ سعودی عرب اور کوریا کے قومی ترانے بجائے گئے۔ سعودی ولی عہد نے گارڈ ٓآف آنر کا معائنہ کیا۔ 
سعودی ولی عہد کے ہمراہ اعلٰی سطح کا وفد بھی ہے جس میں وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیزبن سعود، وزیر نیشنل گارڈز شہزادہ عبداللہ بن بندر، شہزادہ سعود بن سلمان، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور دیگر وزرا اور عہدیدار شامل ہیں۔

شیئر: