بلڈ ٹیسٹ کے لیے8 مشینیں بھی فراہم کی گئیں(فوٹو، ایس پی اے)
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے پاکستان کے شہر کراچی میں ذیابیطس سوسائٹی کو ضروری ادویات اور آلات فراہم کردیے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہ سلمان مرکز نے بلڈ ٹیسٹ کے لیے 8 مشینیں، ذیابیطس سے متاثرہ پیروں کی جانچ کرنے والے کلینک کو دو سپیشل بیڈ فراہم کیے گئے۔
علاوہ ازیں سرجری کے آلات کو جراثیم سے پاک کرنے والی مشین، خون کی نالیوں کی جانچ کے لیے ڈوپلر مشین، اعصاب کی جانچ کرنے والی مشین نیز ذیابیطس سے متاثرہ پیروں کے علاج اور معائنے کے لیے 318 سرجری کے مختلف آلات مہیا کیے۔
شاہ سلمان مرکز نے کراچی میں ذیابیطس کی سوسائٹی کو انسولین کے 7890 پیکٹ اور ذیابیطس کے مریضوں کے لیے مختلف دواؤں کے 1620 پیکٹ فراہم کیے۔
سوسائٹی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبدالباسط محمد عاشقین نے پاکستان میں ذیابیطس کے ضرورت مند مریضوں کی طبی امداد پر شاہ سلمان مرکز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے جو یہ مدد فراہم کی ہے وہ مناسب وقت پر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایک چوتھائی سے زیادہ آبادی ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہے۔
دوسری جانب شاہ سلمان مرکز نے ایک روز قبل ہی صومالیہ کے جلمدج صوبے کی کمشنری جلجدو کے عدادو علاقے میں 700 فوڈ باسکٹس تقسیم کیں۔ جن سے 4200 افراد کو فائدہ ہوا۔ یہ وہ لوگ ہیں جو خشک سالی سے متاثر ہیں اور نقل مکانی کرکے مذکورہ علاقے میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔
شاہ سلمان مرکز نے اس کے علاوہ سوڈان اور اردن میں بھی ضرورت مندوں میں غذائی اشیا اور ملبوسات تقسیم کیے۔