Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب، تھائی لینڈ اور ایپک ممالک کا سٹراٹیجک پارٹنر‘

باہمی تعلقات کی مضبوطی کے لیے اقدامات میں تیزی لانے کے خواہشمند ہیں( فوٹو ایس پی اے)
تھائی لینڈ میں دفتر خارجہ کے نائب ترجمان نے کہا ہے کہ’ سعودی عرب، تھائی لینڈ اور ایپک گروپ میں شامل ممالک کا سٹراٹیجک پارٹنر ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’سعودی عرب ہمارا دوست اور اہم پارٹنر ہے۔ ہم دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے والے اقدامات میں تیزی لانے کے خواہشمند ہیں‘۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق تھائی دفتر خارجہ کے نائب ترجمان نے کہا کہ ’سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا حالیہ دورہ تھائی لینڈ کے لیےاعزاز کا باعث ہے‘۔
نائب ترجمان نے کہا کہ ’تھائی لینڈ نے سعودی عرب کو ایشیا اور بحرالکاہل کے اقتصادی تعاون فورم میں شرکت کی دعوت اعزازی مہمان کے طور پر دی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’خوشی ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان متعدد شعبوں خصوصا سرمایہ کاری و اقتصاد و تجارت میں تعلقات مضبوط بنانےکے طریقوں اورعروج کی نئی منزلوں تک رسائی کے لیے مذاکرات ہورہے ہیں۔ دونوں ملکوں کے سرمایہ کار ملاقاتیں کررہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب تھائی لینڈ اور ایپک گروپ میں شامل ممالک کا اہم سٹراٹیجک ساتھی ہے۔ مملکت خطے ہی نہیں دنیا بھر کی سیاسی و اقتصادی طاقت ہے۔
نائب ترجمان نے کہا کہ’تھائی لینڈ ایپک فورم کی میزبانی کے توسط سے سرمایہ کاری کے عمل میں تیزی لانے کے لیے کاروبار اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولنے کے لیے کوشاں ہے‘۔
’تھائی لینڈ چاہتا ہے کہ ایشیا اور بحرالکاہل میں فری زون قائم ہو۔ جس سے خطے کے عوام متعدد شعبوں میں توازن اور پائدار تعلقات استوار کرسکیں گے‘۔

شیئر: