Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی: فم فیئر، پاکستانی اور بالی وڈ ستاروں کی شرکت

ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقدہ ایوارڈ شو میں نامور پاکستانی اور انڈین فنکاروں نے شرکت کی (فوٹو:انسٹاگرام)
دبئی میں ’فلم فیئر مڈل ایسٹ اچیورز نائٹ‘ کا میلہ سجا جس نے ثابت کیا کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔
سنیچر کی رات دبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہونے والے اس ایوارڈ شو میں نامور پاکستانی اور انڈین ستاروں نے شرکت کی اور مختلف کٹیگریز کے ایوارڈز اپنے نام کیے۔
پاکستانی اداکار ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ اور اداکارہ سجل علی کو پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے پر ایوارڈز سے نوازا گیا۔
سجل علی نے ’پاکستانی سینما کا مقبول ترین چہرہ‘ کا ایوارڈ وصول کرنے کے بعد کہا کہ ’میں ہمیشہ سے یہ چاہتی تھی کہ مجھے کبھی موقع ملے تو میں اس ایک شخص کا شکریہ ضرور ادا کروں گی، جنہوں نےمجھ پر سب سے پہلے یقین کیا اور پہلی بار مجھے بہت سارے لوگوں کے سامنے پرفارم کرنے کا موقع فراہم کیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’وہ شخص جنہوں نے مجھے یہ موقع فراہم کیا وہ ہمایوں سعید تھے۔‘
اداکارہ سجل علی نے اپنے کیریئر کا آغاز 2011ء میں ڈرامہ سیریل ’محمودآباد کی ملکائیں‘ سے کیا تھا جو ہمایوں سعید کے پروڈکشن ہاؤس کی تخلیق تھا۔
ہمایوں سعید جب ایوارڈ وصول کرنے سٹیج پر آئے تو اس دوران ان کی انڈین کامیڈین بھارتی سنگھ کے ساتھ دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔
بھارتی سنگھ نے بتایا کہ وہ اور ان کے شوہر پاکستان جا کر کھانا کھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے ہمایوں سعید کی فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ کا حوالہ دیتے ہوئے ازراہ مذاق پوچھا کہ ’کیوں نہیں جاؤں گا، ویزا نہیں لگا تھا کیا؟ بس بھئی اب نہیں کہنا لندن نہیں جاؤں گا۔‘ جس پر ہمایوں سعید نے انہیں کہا کہ میں انڈیا بھی جاؤں گا۔‘
انہوں نے ایوارڈ ملنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’میں گزشتہ 25 سالوں سے کام کر رہا ہوں اور آپ اب بھی مجھے برداشت کر رہے ہیں جو کہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔‘
اداکار فہد مصطفیٰ نے پرامیسنگ سٹار ایوارڈ اپنے نام کیا اور بتایا کہ انہوں نے بالی وڈ اداکار گووندا کی وجہ سے اداکاری شروع کی۔
بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ نے’سپرسٹار آف ڈیکیڈ‘ ایوارڈ اپنا نام کیا اور اس موقع پر وہ جذباتی ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں وعدہ کرتا ہوں کہ میں اپنی زندگی کے آخر تک ​​تفریح فراہم کرتا رہوں گا۔‘
اداکارہ جھانوی کپور کو ’دا رئیل یوتھ آئیکون‘ ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ بگ باس 13 سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی انڈین اداکارہ و گلوکارہ شہناز گِل نے’رائزنگ سٹار‘ ایوارڈ حاصل کیا جسے انہوں نے آنجہانی اداکار سدھارتھ شکلا کے نام کیا۔
اداکارہ وانی کپور کو ’گیم چینجر آف شدا ایئر‘ ایوارڈ دیا گیا جبکہ بالی وڈ کی لیجنڈری اداکارہ ہیما مالنی نے ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ جیتا۔
رنویر سنگھ اور سنی لیون نے اپنی شاندار پرفارمنس سے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔

شیئر: