Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی ریاست کولوراڈو کے نائٹ کلب میں فائرنگ، پانچ افراد ہلاک

اس سے قبل 2015 میں کولوراڈو میں ایک کلینک پر فائرنگ کی گئی تھی (فوٹو: اے نیوز)
امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر کولوریڈو سپرنگز کے ایک نائٹ کلب میں فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق کولوراڈو پولیس کی لیفٹیننٹ پامیلا کاسترو کا کہنا ہے کہ پولیس کو سنیچر کی رات گئے فائرنگ کی اطلاع ملی۔
انہوں نے کہا کہ وہاں سے ایک مشکوک ملا جو زخمی ہے اور اس کا علاج کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں کہ حملہ آور پولیس کے ہاتھوں زخمی ہوا۔ ایف بی آئی واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
کلب کیو ہم جنس پرستوں کا نائٹ کلب ہے اور اس کی انتظامیہ نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا کہ ’کلب کیو کو ایک پاگل نے حملہ کر کے تباہ کیا۔ ہم اپنے گاہکوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے حملہ آور پر قابو پایا۔‘
اس سے قبل 2015 میں اسی شہر میں ایک کلینک پر فائرنگ کی گئی جس سے تین افراد ہلاک، جب کہ آٹھ زخمی ہوئے تھے۔ حکام کا کہنا تھا کہ حملہ آور نے اس لیے فائرنگ کی کیونکہ وہاں اسقاط حمل کیا جاتا تھا۔
فوری طور پر حالیہ فائرنگ کا مقصد معلوم نہیں ہو سکا، لیکن یہ 2016 میں فلوریڈا کے ایک نائٹ کلب میں ہونے والی فائرنگ کی یاد دلاتا ہے جس میں 49 افراد مارے گئے تھے۔
فلوریڈا میں اس سے پہلے بھی بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے واقعات سامنے آئے جن میں ایک سکول میں فائرنگ کی گئی، ایک سینما پر حملہ ہوا اور گزشتہ برس ایک مارکیٹ میں فائرنگ ہوئی۔

شیئر: