شادی کی تقریب میں دُلہے کی تابوت میں آمد، مہمان حیران و پریشان
جمعرات 17 نومبر 2022 14:23
لوگ اپنی شادی کو یادگار بنانے کے لیے نت نئے حربے استعمال کرتے ہیں (فوٹو: دی مرر)
امریکہ میں شادی کی ایک ایسی انوکھی تقریب منعقد ہوئی جس میں دلہے کو تابوت میں رکھ کر شادی ہال پہنچایا گیا۔
نیو یارک پوسٹ کے مطابق دلہے کے لیے بنائے گئے کالے رنگ کے تابوت کو اس کے دوستوں نے وین سے نکالا اور مہمانوں کے لیے لگائی گئی کرسیوں کے درمیان سے گزرتے ہوئے اسے سٹیج کے قریب رکھ دیا۔
مہمان یہ منظر دیکھ کر حیران و پریشان ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔
شادی میں شریک ایک شخص نے اس منظر کی ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کر دی، جہاں اسے لاکھوں لوگوں نے دیکھا۔
اس کے علاوہ یہ ویڈیو دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی وائرل ہو گئی اور لوگوں نے اس پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
شادی میں شریک مہمان تابوت کو دیکھ کر سمجھے کہ اس کے اندر لاش ہے، تاہم جب انہوں نے تابوت میں سے دلہے کو نکلتے دیکھا تو حیران رہ گئے۔
لوگ اپنی شادی کو یادگار بنانے کے لیے نت نئے حربے استعمال کرتے ہیں۔
رواں برس مئی میں بھی شادی کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں دلہا اور دلہن خود کو آگ لگا کر ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر چلتے نظر آئے۔
یہ جوڑی فلموں میں سٹنٹ کرتی تھی۔ اس ویڈیو کو ڈیڑھ کروڑ افراد نے دیکھا تھا۔