درعیہ ہسپتال میں 200 کلوگرام وزنی لڑکی کا کامیاب آپریشن
جسم کا وزن بڑھنے کی وجہ سے مریضہ کو چلنے پھرنے میں دشواری سمیت کئی طبی مسائل کا سامنا تھا (فائل فوٹو: واس)
سعودی عرب کے الدرعیہ ہسپتال کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ایک ایسی مریضہ کامیاب آپریشن کیا ہے جس کا وزن 200 کلوگرام سے زیادہ ہو گیا تھا۔
عربی جریدے ’سبق‘ کے مطابق جسم کا وزن بڑھنے کی وجہ سے مریضہ کو چلنے پھرنے میں دشواری سمیت کئی طبی مسائل کا سامنا تھا۔
ریاض کے شعبہ صحت نے بتایا کہ مریضہ درعیہ ہسپتال میں موٹاپے کی سرجری سے متعلق شعبے میں آئیں جہاں ان کی میڈیکل ہسٹری کا جائزہ لینے کے بعد ان کے مختلف ٹیسٹ اور ایکسریز لیے گئے۔
معائنے کے بعد پتا چلا کہ انہیں موٹاپے کا مرض لاحق ہے جس کی وجہ سے ناصرف یہ کہ ان کی نیند میں خلل واقع ہو رہا ہے بلکہ وہ چلنے پھرنے میں بھی مشکلات کا شکار ہیں۔ اس بیماری کی وجہ سے انہیں سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مریضہ کے معائنے کے بعد فوری طور پر مختلف ماہرین پر مشتمل ایک میڈیکل ٹیم تشکیل دی گئی تاکہ ان کا علاج درست طور پر ہو سکے۔
مریضہ کے ابتدائی معائنے کے بعد ان کے لیے سخت ڈائٹ پلان، ورزش اور بیہیوریل تھراپی تجویز کی تاکہ وزن کچھ کم کیا جائے اور اس کے بعد معدے کے بڑھے ہوئے حصے کا آپریشن بہتر طریقے سے کیا جا سکے۔
موٹاپے کے علاج کے بنیادی اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے دوسرے مرحلے میں مریضہ کا آپریشن کیا گیا جو کامیابی سے ہمکنار ہوا۔
مریضہ کو آپریشن کے 24 گھنٹے بعد تسلی بخش حالت میں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ آپریشن کے بعد مریضہ کی صحت کی دیکھ بھال کے لیے ایک پروگرام بھی تشکیل دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ درعیہ ہسپتال میں معدے کی سرجری کا شعبہ اپنی ماہر ٹیم اور جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے اس نوع کے امراض کے علاج کا قابلِ اعتماد مرکز سمجھا جاتا ہے۔