Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کی ارجنٹائن کے خلاف کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد

کابینہ کا اجلاس منگل کو شاہ سلمان کی زیر صدارت ریاض میں ہوا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے ورلڈ کپ فٹبال میں ارجنٹائن کے خلاف کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ریاض کے قصر یمامہ میں ہوا ہے۔
سعودی کابینہ نے کہا کہ ’امید ہے کہ سعودی ٹیم اسی جذبے اور عزم کے ساتھ کھیلتی رہے گی جس کے لیے سعودی عرب جانا جاتا ہے۔‘
کابینہ نے ان ممالک کےرہنماوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے قومی ٹیم کی کامیابی پر مملکت کو مبارکباد دی ہے۔
اجلاس میں سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ جنوبی کوریا اور تھائی لینڈ کے حالیہ دورے کے نتائج کی ستائش کی گئی۔
کابینہ کا کہنا تھا کہ’ سعودی عرب دوست ممالک کے ساتھ رابطوں اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کوشاں رہتا ہے اور عالمی سطح پر مشترکہ جدوجہد کے ذریعے مختلف میدانوں میں تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی بنیادیں مضبوط بنانے کے سلسلے میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے‘۔
سعودی کابینہ نے جی 20 کے سربراہ اجلاس کی قراردادوں اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی وفد کی شرکت کے نتائج کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ ’اس سے بین الاقوامی معیشت میں سعودی عرب کی اہم اور نمایاں حیثیت مستحکم ہوئی ہے‘۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ’بین الاقوامی چیلنجوں سے نمٹنے کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کی حمایت خصوصا وبا سے بچاؤ کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کی تقویت کے سلسلے میں مملکت کا کردار اجاگر ہوا ہے‘۔ 
سعودی کابینہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ’ جی 20 کے قائدین کے فیصلے بین الاقوامی معیشت کی شرح نمو بڑھانے اور تعاون کی جڑیں گہری کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گے‘۔ 
قائم مقام سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ’ کابینہ نے کوریا اور تھائی لینڈ کے سعودی ولی عہد کے دوروں کے نتائج کی ستائش کی اور کہا کہ دونوں ملکوں کے قائدین کے ساتھ مفید ملاقاتوں سے علاقائی و بین الاقوامی اور دوطرفہ تعاون کا دائرہ وسیع ہوا ہے‘

شیئر: