Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کااجلاس، دوست ممالک سے تعلقات مضبوط بنانے کا جائزہ

شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اجلاس کو گنی کے صدر کے مکتوب سے آگاہ کیا۔  ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب نے ترکی کے ساتھ براہ راست سرمایہ کاری میں توسیع کا عزم ظاہر کرتے ہوئے  وزیر سرمایہ کاری کو مفاہمتی یادداشت کا اختیار تفویض کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا ہے۔ 
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اجلاس کے آغاز میں گنی کے صدر کے مکتوب سے کابینہ کے ارکان کو آگاہ کیا۔  
اجلاس میں برادر اور دوست ممالک کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، مشترکہ عرب جدوجہد کے فروغ اور مختلف شعبوں میں عالمی تعاون کے استحکام کے حوالے سے خارجہ پالیسی کی تازہ صورتحال کا جائزہ پیش کیا گیا۔ 
کابینہ نے مصر میں گرین مشرق وسطی انشیٹو سمٹ 2 کے افتتاحی اجلاس سے ولی عہد کے خطاب پر پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اس امر کو تسلی بخش قرار دیا کہ سعودی عرب گرین مشرق وسطی انشیٹو جنرل سیکریٹریٹ کی میزبانی کرے گا اور آئندہ دس برس کے دوران جنرل سیکریٹریٹ کے بجٹ اور منصوبوں کی تکمیل کے لیے ڈھائی ارب ڈالر دے گا۔ 
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ سعودی کابینہ نے الجزائر میں عرب سربراہ کانفرنس کی قراردادوں اور خطے کے ممالک کی دلچسپی کے مسائل پرعرب قائدین میں ہم آہنگی، مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے حوالے سے سربراہ کانفرنس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔  
کابینہ نے مجموعی قومی پیداوار کے حوالے سے 2021 کی تیسری سہ ماہی کے مقابلے میں رواں برس کی تیسری سہ ماہی کے دوران 8.6 فیصد شرح نمو پر بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جی 20 میں شامل ممالک میں سب سے کم افراط زر سعودی عرب میں ہے۔ 
اجلاس میں نے اقتصادی و ترقیاتی امورکونسل، سیاسی و سلامتی کونسل، منسٹرز کونسل کی جنرل باڈیِ اور کابینہ کے ماتحت ماہرین بورڈ کی قراردادوں اور سفارشات کا جائزہ لے کر گیارہ فیصلے کیے گئے ہیں۔
کابینہ نے وزیر خارجہ کو اقوام متحدہ کے نظام میں جنسی استحصال و جارحیت کے خاتمے اور اس حوالے سے تعاون کے فروغ کے لیے رضاکارانہ منشور پر دستخط کا اختیار تفویض کیا۔ جمہوریہ ہیلینک کے ساتھ سٹراٹیجک شراکت کونسل کی تشکیل کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ 
 وزیر خارجہ کو کھجوروں کی بین الاقوامی کونسل کے ساتھ ہیڈکوارٹر کے قیام  پر مذاکرات، وزیر ثقافت کو کولمبیا کے ساتھ ثقافتی امور میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط، وزیر انصاف کو ملائیشیا کے ساتھ عدالتی امور میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے برازیل کے ساتھ سیاحت کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی جبکہ آذربائیجان کے ساتھ چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں کے فروغ کے سلسلے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر تجارت کو تفویض کیا ہے۔ 

شیئر: