آرمی چیف کی تعیناتی، وزیراعظم اور وزیر دفاع کی مشاورت
پاکستان کی فوج میں اعلٰی عہدوں پر تعیناتیوں کے سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملاقات کرکے سمری پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
بدھ کو وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے سمری میں شامل ناموں اور سینیئر افسران کی پیشہ وارانہ پروفائلز کے بارے میں وزیراعظم کو بریفنگ دی۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نے حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس بھی آج شام طلب کر رکھا ہے۔ اجلاس میں اتحادی جماعتوں کو آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے عہدوں پر کی جانے والی تقرریوں پر اعتماد میں لیا جائے گا۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے قانونے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ ’امید ہے کل تک معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’اتحادیوں اور وفاقی کابینہ کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔‘
جب ان سے سوال کیا گیا کہ آرٹیکل 243 میں کابینہ کا کوئی ذکر نہیں تو خواجہ آصف نے کہا کہ ’مجھے اتنے آرٹیکلز نہیں پتہ۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں قیاس آرائی نہیں کرنا چاہتا لیکن پچھلے مہینوں سے جو ہیجانی کیفیت ہے وہ ایک دو دن میں ختم ہو جائے گی۔‘
انہوں نے وضاحت کی کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ پہلے ایک سمری بھیجی گئی تھی جس میں چار نام تھے۔ ’میڈیا نے قیاس آرائیاں کی ہیں، میڈیا کو سیاسی دھڑے بندی کے بجائے عوام کو معلومات دینی چاہیے۔‘
اس سے قبل بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کی تعیناتی کے لیے وزارت دفاع سے سمری موصول ہو گئی ہے۔
وزیراعظم آفس کے سرکاری اکاؤنٹ سے بدھ کو ٹویٹ میں کہا گیا کہ سمری میں چیف آف آرمی سٹاف اور چیئرمن جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے عہدوں پر تقرری کے لیے ناموں کا پینل بھجوایا گیا ہے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف متعین طریقہ کار کے مطابق ان تعیناتیوں سے متعلق فیصلہ کریں گے۔
اس سے قبل افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے منگل کی رات گئے ایک ٹویٹ میں بتایا تھا کہ ’جی ایچ کیو نے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے تقرر کے لیے چھ سینیئر ترین جرنیلوں کے ناموں کی سمری وزارت دفاع کو بھیج دی ہے۔‘
بعد ازاں رات گئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیراعظم ہاؤس کو سمری موصول ہونے کی تصدیق کر دی۔ اپنی ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’سمری وزارت دفاع سے وزیراعظم آفس میں موصول ہو گئی، ان شاءاللہ باقی مراحل بھی جلد طے ہو جائیں گے۔‘