گوگل کا پاکستان میں آپریشنز شروع کرنے کا فیصلہ: وزارت آئی ٹی
وفاقی وزیر کے مطابق ’گوگل کے وفد کے دورہ پاکستان کے دوران مزید بات چیت ہوگی اور ہم پر امید ہیں کہ گوگل پاکستان میں اپنا دفتر بھی کھولے گا۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حکام کے مطابق گوگل نے پاکستان میں آپریشنز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے کمپنی کا وفد آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا۔
حکام کے مطابق آئی ٹی کمپنی گوگل نے پاکستان میں آپریشنز شروع کرنے کی درخواست رواں سال مئی میں دی تھی جس کے بعد کمپنی پاکستان میں آپریشنز شروع کرنے کے لیے قانونی تقاضے پوری کر رہی ہیں۔
حکام کے مطابق گوگل نے پاکستان میں آپریشنز کے آغاز کے لیے ایس ای سی پی سے کلیرئنس کے لیے بھی رابطہ کیا ہے۔
وزارت آئی ٹی کے حکام کے مطابق ابتدا میں گوگل پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں سکالرشپس فراہم کرے گی اور امید ہے کہ 10 ہزار سے زائد طلبا کو پاکستان میں سکالرشپ کی سہولت دی جائے گی۔
اس حوالے سے بات چیت کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ‘گوگل کے ساتھ بات چیت کا عمل کافی عرصے سے جاری تھا، گوگل کا اعلٰی سطح کا وفد دسمبر کے دوسرے ہفتے میں پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔‘
وفاقی وزیر کے مطابق ’گوگل کے وفد کے دورہ پاکستان کے دوران مزید بات چیت ہوگی اور ہم پر امید ہیں کہ گوگل پاکستان میں اپنا دفتر بھی کھولے گا۔‘
وفاقی وزیر آئی ٹی کے مطابق ’گوگل کے علاوہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی پاکستان میں اپنا آپریشنز شروع کرنے جارہے ہیں۔ فیس بک کی ٹیم سے ملاقات ہوچکی ہے اور جلد ان کا وفد بھی پاکستان آئے گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ٹک ٹاک کے ساتھ بات چیت مکمل ہوچکی ہے، انہوں نے پاکستان میں اپنا دفتر کھولنے کے لیے رضا مندی ظاہر کر دی ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں ٹک ٹاک پاکستان میں اپنا دفتر کھولے گا۔‘
خیال رہے کہ وفاقی وزیر آئی ٹی نے اگلے سال کے وسط تک پاکستان میں فائیو جی لانچ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ انہوں نے اردو نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’اگلے سال کے وسط میں جولائی اگست میں فائیو جی لانچ کر رہے ہیں، اس سے پاکستان میں ای کامرس، ای بینکنگ اور ای ایجوکیشن میں کام کرنے والوں کے کام میں اضافہ ہوگا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ مقامی سطح پر آئی ٹی کے شعبے میں کام کیا جا رہا ہے۔ آئی ٹی ایکسپورٹ اس وقت دو ارب سے زائد ہے، آئندہ سال آئی ٹی کی صنعت سے پانچ ارب آمدنی کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔
امین الحق کے مطابق ملک کے چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوں میں انٹرنیٹ کے نظام کو بہتر کر رہے ہیں۔ ’اس ضمن میں پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں 31 ارب کی لاگت سے ایک آئی ٹی پارک بھی بنانے جا رہے ہیں۔‘