’اگر ٹوئٹر بھی ویڈیو بنانے والوں کو معاوضہ دے تو۔۔۔؟‘
منگل 22 نومبر 2022 11:01
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ٹوئٹر کی جانب سے ویڈیو سے متعلق پیشکش پہلی مرتبہ سامنے آئی ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے ویڈیو بنانے والوں کو رقم کی ادائیگی شروع کی تو بہت سے دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی اس جانب آئے، کسی نے مقابلے کی سنجیدہ فضا پیدا کر کے ویڈیو بنانے والوں کے لیے آمدن کا نیا موقع پیدا کیا تو کوئی ابھی تک اس مرحلے میں ہے۔
منگل کو ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک کی ایک ٹویٹ سے بہت سے افراد نے یہ اندازہ لگایا کہ ویڈیو کری ایٹرز کو رقم کی پیشکش کا یہ سلسلہ ابھی ختم نہیں ہوا۔
ایلون مسک نے ایک ٹویٹ کے ریپلائی میں لکھا کہ ’دیکھتے ہیں اس وقت کیا ہو گا جب ٹوئٹر اچھی ویڈیو بنانے والوں کو زیادہ بہتر معاوضے کی پیشکش کرے گا۔‘
قبل ازیں ٹوئٹر کے نئے مالک کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا تھا کہ ’گزشتہ ہفتے کے دوران پلیٹ فارم پر روزانہ 16 لاکھ نئے ایکٹو صارفین کا اضافہ ہوا ہے۔‘
اس پر جواب دیتے ہوئے ایک صارف نے پوچھا کہ ’یوٹیوب کے روزانہ ایکٹو صارفین کتنے ہوں گے۔‘
جواب میں ایلون مسک نے ٹوئٹر کی جانب سے بھی ایسا آپشن دیے جانے کا ذکر کیا تو ان سے پوچھا گیا کہ ’کیا صرف ویڈیو بنانے والوں کو ہی کنٹینٹ مونیٹائز کرنے کی سہولت دستیاب ہو گی؟‘
اس سوال کے ریپلائی میں ایلون مسک نے لکھا کہ ’تحریری مواد پر بھی‘ یہ سہولت مہیا کی جائے گی۔
چند ہفتے قبل ٹوئٹر کے ویریفائیڈ اکاؤنٹس کو سبسکرپشن پر منتقل کرنے اور پھر مختلف مسائل کی وجہ سے اس سلسلے کو معطل کر دینے والے ایلون مسک نے ویڈیو سروس کے آئیڈیا سے متعلق کوئی ٹائم لائن نہیں دی ہے۔ البتہ ان کی گفتگو نے بہت سے صارفین میں یہ بحث ضرور چھیڑ دی ہے کہ کیا یوٹیوب اور فیس بک وغیرہ کی طرح اب ٹوئٹر بھی ویڈیو کری ایٹرز کو مونیٹائزیشن کی سہولت فراہم کرے گا؟ اور اگر ایسا ہوا تو یہ سلسلہ کب سے شروع ہو سکتا ہے۔