دبئی میں بارش کے دوران تیز رفتار ڈرائیونگ کرنے والے گرفتار
تیز رفتار ڈرائیونگ کرنے والوں کے وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل تھے(فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس نے بارش کے دوران شاہراہوں پر تیز رفتاری سے گاڑیاں دوڑانے والے ڈرائیوروں کو حراست میں لیا ہے۔
تیز رفتار ڈرائیونگ کرکے راہگیروں کی زندگی اورسلامتی کو خطرات سے دوچار کررہے تھے۔
الامارات الیوم کے مطابق محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر جنرل سیف المزروعی نے بیان میں کہا کہ’ تیز رفتار ڈرائیونگ کرنے والوں کے وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل تھے‘۔
وڈیو کلپ کی مدد سے گاڑیوں اور ڈرائیوروں کی شناخت کے بعد گرفتاریاں کی گئی ہیں۔ یہ لوگ بارش کے دوران خطرناک انداز میں گاڑیاں چلارہے تھے۔
سیف المزروعی نے بتایا کہ ’ایک وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک گاڑی ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوگئی تھی اور دوسری جانب ٹریک سے گزرنے والی گاڑی سے ٹکرا گئی‘۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ’جو شخص بھی شاہراہوں پر خطرناک انداز سے ڈرائیونگ کرے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سڑک استعمال کرنے کا حق ہر انسان کو ہے مگر کسی کو اس بات کی اجازت نہیں کہ وہ راہگیروں اور رفاہ عام کے وسائل کو نقصان پہنچائے‘۔