اسلام آباد انتظامیہ کا عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو لینڈنگ کی اجازت دینے سے انکار
جمعرات 24 نومبر 2022 16:10
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
سینیٹر شبلی فراز نے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ سکیورٹی فراہم کرنے کے بجائے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پریڈ گراؤنڈ میں عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو اتارنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے تاہم پی ٹی آئی کو ریلی نکالنے کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے۔
جمعرات کو ضلعی انتظامیہ اور پی ٹی آئی کے وفد کے درمیان مذاکرات کا دور ہوا جس میں پریڈ گراؤنڈ میں ہیلی کاپٹر اتارنے کی اجازت دینے سے انکار کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق پریڈ گراؤنڈ ایک حساس جگہ ہے اور وہاں ہیلی پیڈ موجود ہی نہیں۔
انتظامیہ نے تحریک انصاف کو اسلام آباد میں ریلی نکالنے کی مشروط اجازت دیتے ہوئے پارٹی چیئرمین کا دستخط شدہ بیان حلفی 25 نومبر تک طلب کیا یے۔ ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 36 شرائط پر مشتمل اجازت نامہ دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق پی ٹی آئی کی ریلی کو مخصوص روٹس استعمال کرنا ہوں گے۔
کے پی کے سے آنے والے قافلے جی ٹی روڈ اور موٹروے سے پشاور روڈ اور آئی جے پی روڈ استعمال کریں گے جبکہ پنجاب سےآنے والے قافلے ٹی چوک روات سے کورال تک پھر راولپنڈی جائیں گے۔
مری اور کشمیر سے آنے والے قافلے کورال انٹرچینج سے پرانے ایئرپورٹ روڈ کی طرف جائیں گے۔ روٹ استعمال کرنے کی اجازت صرف ایک دن کی ہوگی۔ انتظامیہ کے مطابق اگر کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اجازت نامہ منسوخ ہو جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے ضلعی انتظامیہ کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو اسلام آباد میں لینڈنگ کی اجازت نہیں دی گئی۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان کی صحت اجازت نہیں دیتی کہ وہ بذریعہ سڑک سفر کر سکیں، اس لیے ضلعی انتظامیہ ان کے ہیلی کاپٹر کو اسلام آباد میں لینڈ کرنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل آرمی کے جنرل ہیڈکوارٹرز سے عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو پریڈ گراؤنڈ اترنے کے لیے این او سی جاری کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ پریڈ گراؤند سی ڈی اے کے زیر انتظام ہے اس لیے ہیلی کاپٹر اتارنے کی اجازت کے لیے متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔ ’جی ایچ کیو کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا اگر متعلقہ فورم سے کلیرینس لی جائے۔‘
سینیٹر شبلی فراز نے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ سکیورٹی فراہم کرنے کے بجائے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے 26 نومبر کو راولپنڈی میں جسلہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جس میں انہوں نے ملک بھر سے کارکنان اور سپورٹرز سے شرکت کی اپیل کی ہے۔