سعودی قیادت کی ملائیشیا کے نئے وزیراعظم انور ابراہیم کو مبارکباد
ملائیشیا کے عوام کےلیے مزید ترقی اور خوشحالی کی خواہش کااظہار کیا(فائل فوٹو ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ملائیشیا کے نئے وزیر اعظم انورابراہیم کو حلف اٹھانے پر مبارکباد دی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مبارکباد کے پیغام میں ملائیشیا کے عوام کےلیے مزید ترقی اور خوشحالی کی خواہش کااظہار کیا۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی ملائیشیا کے نئے وزیر اعظم انور ابراہیم کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔
انور ابراہیم نے جمعرات کو ملائیشیا کے بادشاہ کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔ وہ تین دہائیوں پر محیط اپنے سیاسی کیریئر کے عروج پر ہیں۔
ملائیشیا میں اصلاح پسند اتحاد پاکٹن ہراپن (امید کا اتحاد) کے رہنما انور ابراہیم حلف برداری کی تقریب میں روایتی ملائی لباس میں تھے۔
یاد رہے کہ حالیہ انتخابات میں معلق پارلیمنٹ وجود میں آئی تھی۔ سابق وزیر اعظم محی الدین یاسین اوراپوزیشن لیڈرانور ابراہیم حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت حاصل نہیں کر سکے تھے۔
سیاسی جماعتوں کی کانفرنس کےبعد سیاسی تعطل کا خاتمہ ہوا تھا۔