اجے دیوگن کو کوکنگ کا شوق، ’یقین کرنا مشکل لیکن کھانا بنانا بہت پسند ہے‘
کاجل کا کہنا ہے اجے دیوگن ان کے لیے بہت مزیدار کھچڑی بناتے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ پر راج کرنے والی اداکارہ کاجل اور ان کے شوہر اجے دیوگن کا شمار فلم انڈسٹری کے پسندیدہ جوڑوں میں ہوتا ہے۔
ویسے تو اجے دیوگن انتہائی سنجیدہ شخصیت کے مالک ہیں اور ان کی فلمیں دیکھ کر تو بالکل نہیں لگتا کہ وہ کھانا بنانے کا شوق بھی رکھتے ہوں گے۔
لیکن حال ہی میں کاجل نے ایک شو ’سا رے گا ما‘ میں بتایا کہ اجے دیوگن نہ صرف کوکنگ کے شوقین ہیں بلکہ بہت اچھا کھانا بھی بناتے ہیں۔
شو کے میزبان بھارتی سنگھ کے سوال پر کاجل نے کہا کہ ’یقین کرنا تو مشکل ہے لیکن اجے کو کوکنگ کرنا بہت پسند ہے۔‘
بالی وڈ اداکارہ نے اپنے شوہر کے متعلق کہا ’ہم اکثر کہتے ہیں کہ کچھ لوگوں کے ہاتھ میں ذائقہ ہوتا ہے، لیکن اجے ان کُکس میں سے ہیں جو کوئی بھی ڈش تیار کریں تو وہ انتہائی مزیدار بنتی ہے۔‘
’کوکنگ ایسا کام ہے جس میں اجے دیوگن کو بہت زیادہ مزہ آتا ہے اور جب بھی وہ کھانا بنا رہے ہوتے ہیں تو وہ کچن کا دروازہ بند کر دیتے ہیں۔‘
کاجل کا کہنا ہے کہ اجے دیوگن اپنے کھانوں کی ترکیب کبھی بھی کسی کے ساتھ شیئر نہیں کرتے۔
’میرے لیے تو بہت ہی مزیدار کھچڑی بناتے ہیں اور یہی ان کی خاص ڈش بھی ہے۔‘
کاجل اور اجے دیوگن کی شادی 1999 میں ہوئی تھی۔ ان کے دو بچے بھی ہیں۔
حال ہی میں اجے دیوگن کی تھرلر فلم درشیام ٹو ریلیز ہوئی ہے جس نے چوتھے روز ہی 76 کروڑ روپے کا کاروبار کیا۔
اجے دیوگن اور کاجل 2020 میں ریلیز ہونے والی فلم تنہائی میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔