’میڈیا نئے تعینات ہونے والے آرمی چیف کا خیال رکھے‘
منگل 29 نومبر 2022 13:44
زین الدین احمد، خرم شہزاد، اردو نیوز
فوجی کمان کی تبدیلی کی تقریب آرمی ہاکی سٹیڈیم راولپنڈی میں منعقد ہوئی
راولپنڈی میں پاکستانی فوج کی کمان تبدیلی کی تقریب کے بعد صحافیوں سے مختصر غیر رسمی گفتگو میں سبکدوش ہونے والے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ’میڈیا نئے تعینات ہونے والے آرمی چیف کا خیال رکھے۔‘
منگل کو تقریب کے بعد جب جنرل عاصم منیر، قمر جاوید باجوہ کو ان کی گاڑی تک چھوڑنے آئے تو وہاں پر موجود چند صحافیوں نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ میڈیا سے بات کرنا چاہیں گے۔ اس کے جواب میں قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میڈیا، اور پھر ذرا سے توقف کے بعد جنرل عاصم منیر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بولے کہ ’اب ان کا خیال رکھے۔‘
جس کے بعد صحافیوں نے جنرل عاصم منیر سے بات کرنے کو کہا لیکن انہوں نے مسکراتے ہوئے ’نو‘ کہہ دیا۔
تقریب میں سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف اور اشفاق پرویز کیانی کے علاوہ تقریباً تمام مرکزی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، سفارتکاروں اور فوج کے جانے والے اور آنے والے سربراہان کے ذاتی دوستوں اور ساتھ کورس کرنے والے ساتھیوں نے بھی شرکت کی جن کے لیے الگ الگ انکلوژرز مختص کیے گئے تھے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی کمان سربراہ جنرل عاصم منیر کے حوالے کرنے کی رسم ادا کی اور دونوں افسران چھڑی کے میز کے پاس جا کر ایک دوسرے کے آمنے سامنے کھڑے ہونے، رسم ادا کرنے اور سیلوٹ کر کے واپس مرکزی چبوترے تک جانے میں کل تین منٹ لگے۔ اس دوران قمر جاوید باجوہ نے جنرل عاصم منیر کو گلے بھی لگایا۔
قبل ازیں جب راولپنڈی کے آرمی ہاکی سٹیڈیم میں تقریب شروع ہوئی تو دونوں اکٹھے داخل ہوئے۔ اس موقع پر فوجی بینڈ مختلف دھنیں بکھیرتے رہے۔
جب آرمی چیف عاصم منیر تقریب کے بعد جنرل باجوہ کو رخصت کر چکے تو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا ان کے پاس آئے اور انہیں مبارکباد دی۔