مکہ مکرمہ ریجن میں بدھ کو بارش کا امکان، امدادی مراکز قائم
ضرورت پڑنے پر فضائی ایمبولینس بھی استعمال کی جائیں گی ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی ہلال احمر نے مکہ مکرمہ ریجن میں بارش کے دوران ہر طرح کی متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔
عاجل اور سبق ویب کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز نے انتباہ کیا تھا کہ’ مکہ مکرمہ، جدہ، طائف، جموم، خلیص، میسان، اللیث، اضم اور العرضیات میں پیر سے بدھ تک بارش کے امکانات ہیں‘۔
مکہ مکرمہ ریجن میں ہلال احمر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مصطفی بلجون نے کہا کہ’ کنٹرول اینڈ کمانڈ روم ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح سے تیار ہے‘۔
ڈاکٹر مصطفی بلجون کا کہنا تھا کہ’ 98 امدادی مراکز اور 160 امدادی و رضاکار ٹیمیں اور 10 گاڑیاں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے چوکس ہیں فضائی ایمبولینس بھی ضرورت پڑنے پراستعمال کی جائیں گی‘۔
انہو نے کہا کہ ’جدہ کے شمالی و وسطی مقامات، بحرہ کبری اورالایوا کبری پر چار امدادی مراکز قائم کیے گئے ہیں‘۔
انہوں نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی کہ ’وہ بارش کے دوران برساتی نالوں اور وادیوں سے دور رہیں اوراحتیاطی تدابیر کا خیال رکھیں۔ ضرورت پڑنے پر997 یا ’اسعفنی‘ ایپ کے ذریعے مدد طلب کی جاسکتی ہے‘۔
علاوہ ازیں مدینہ منورہ اور اس کے مضافات میں منگل کو بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے فوٹو گرافر نے بارش کے مختلف مناظر پر مشتمل تصاویر شیئر کی ہیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
تصاویر میں بارش کے دوران مسجد نبوی اور مدینہ منورہ کی تاریخی مساجد کے صحنوں میں زائرین عبادت کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔