سعودی عرب کے کون سے علاقے پیر سے بدھ تک بارش کی زد میں رہیں گے؟
محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ بارش کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پرعمل کیا جائے(فوٹو: عاجل)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ پیر 28 نومبر سے بدھ تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اخبار24 کے مطابق قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ’ تبوک، حدود شمالیہ، الجوف اور مدینہ منورہ ریجنز، تبوک کی الوجہ، ضباخ حقل، نیوم، شرما، املج اور تیما کمشنریوں میں بارش کے امکانات ہیں جبکہ الجوف ریجن کے بیشترعلاقے بھی بارش کی زد میں ہوں گے۔‘
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’حائل، مکہ مکرمہ، جدہ، رابغ، طائف، الجموم، الکامل، خلیص اور اللیث میں بارش کے امکانات ہیں۔‘
قومی مرکز کے مطابق ’القصیم ریجن میں مختلف مقامات، الشرقیہ اور حفرالباطن میں درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔‘
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’مکہ مکرمہ کے جنوبی علاقوں القنفذہ اور العرضیات، عسیر ریجن کے بالائی مقامات، مشرقی جازان، باحہ، ریاض ریجن کے شمال مغربی علاقوں مثلا عفیف، الدوادمی، المجمعہ، الزلفی اور الغاط میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے آثار ہیں۔‘
قومی مرکز نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا کہ ’وہ وادیوں اور برساتی نالوں سے دور رہیں۔ موسمی تبدیلیوں کی خبروں پر نظر رکھیں خصوصاً شہری دفاع کی ہدایات پر عمل کریں۔‘
دریں اثنا محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ’پیر سے بدھ تک گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکان کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پرعمل کیا جائے۔‘