Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی پروجیکٹ کے تحت 150 مکانات یمنی حکام کے حوالے

مکانات پروگرام میں مملکت، اقوام متحدہ اور الولید فاؤنڈیشن کی شراکت ہے(فوٹو ایس پی اے)
یمن کی تعمیر و ترقی کے سعودی پروگرام نے بدھ 30 نومبر کوعدن میں 150 مکانات مقامی حکام کے حوالے کیے ہیں۔
یہ مکانات ’موزوں رہائش‘ کے پروجیکٹ کے تحت تعمیر کیے گئے ہیں جو اقوام متحدہ کے آباد کاری پروگرام کے تحت الولید فاؤنڈیشن کی شراکت سے بنائے گئے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مکانات حوالگی کی تقریب میں یمن کے سیکریٹری محنت و آباد کاری انجینیئر علی احمد، عرب ممالک میں اقوام متحدہ کے آباد کاری پروگرام کے ریجنل نمائندے ڈاکٹرعرفان علی اور یمن کی تعمیر و ترقی کے سعودی پروگرام کے انچارج احمد مدخلی  اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔

عدن میں محدود آمدنی والوں کو 600 مکانات حوالے کیے جائیں گے(فوٹو ایس پی اے)

انجینیئر احمد مدخلی نے اس موقع پر کہا کہ’ یمن کی اقتصادی و ترقیاتی مدد شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی ہدایت پر کی جارہی ہے۔ یمن میں سعودی سفیر محمد آل جابر تعمیراتی و ترقیاتی پروگرام کی نگرانی کررہے ہیں‘۔
انہوں نے کہاکہ’ مکانات پروگرام سعودی عرب، اقوام متحدہ اور الولید فاؤنڈیشن کی شراکت کا ثمر ہے‘۔ 
اس پروگرام سے چار ہزار سے زیادہ افراد کو فائدہ ہوگا۔ تحت عدن میں محدود آمدنی والوں کو 600 مکانات اصلاح و مرمت کے بعد حوالے کیے جائیں گے۔ 
یاد رہے کہ یمن کی تعمیر و ترقی کے لیے قائم سعودی پروگرام یمن کی مختلف کمشنریوں میں 224 منصوبوں پر عملدرآمد کرچکا ہے جن کا تعلق تعلیم، صحت، پانی، توانائی، ٹرانسپورٹ، زراعت اور فشریز نیز سرکاری اداروں کی تعمیر نو سے ہے۔ 

شیئر: