فاسٹ فوڈ میں برگرسب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے(فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں فاسٹ فوڈ کے بزنس میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ۔ گزشتہ برس کے دوران مارکیٹ کا حجم 15.5 ارب ریال تک پہنچ گیا۔
الاقتصادیہ کے مطابق فاسٹ فوڈ ریستورانوں کی آمدنی میں سال2021 کے دوران 29 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا جبکہ 2020 کے دوران کورونا سے بچاؤ کے لیے مقرر پابندیوں کی وجہ سے فاسٹ فوڈ ریستورانوں کی مارکیٹ متاثر ہوئی تھی۔
فاسٹ فوڈ ریستورانوں میں سب سے زیادہ برگر کی مانگ ہے۔ اس کا حصہ 2021 کے اعداد و شمار کے مطابق 30 فیصد جبکہ مارکیٹ 6 ارب ریال رہی۔
برگر صارفین میں غیرمعمولی طورپر مقبول ہے توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ 4 برسوں میں اس کی شالانہ شرح نمو 9 فیصد سے تجاوز کر جائے گی۔
اس حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فاسٹ فوڈ ریستوران تین زمروں میں آتے ہیں۔ پہلا برگر کا ہے کہ جس کی طلب سب سے زیادہ ہے جبکہ دوسرے نمبر پر شاورما اور پھر گرل چکن اور پیزا کا نمبر آتا ہے۔
سعودی فاسٹ فوڈ ریستورانوں میں دوسرا نمبر شاورما اور گرل چکن کا ہے۔ اس کا تناسب 18.5 فیصد تک کا ہے اس کی مارکیٹ 2.8 ارب ریال کی ہے جبکہ پیزا کی مارکیٹ چھ فیصد سے کم ہے اور 940 ملین ریال تک کا کاروبار چل رہا ہے۔