دونوں بیٹسمینوں کا شمار کرکٹ کی دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے اور اکثر دونوں کے درمیان موازنہ بھی کیا جاتا کہ کون بہتر کپتان ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں جب انڈین ٹیم کے سابق کوچ روی شاستری سے سوال کیا گیا کہ سوشل میڈیا صارفین وراٹ کوہلی اور روہت شرما کے درمیان مقابلے میں لگے رہتے ہیں تو وہ کچھ چڑے ہوئے دکھائی دیے۔
روی شاستری نے چڑتے ہوئے کہا ’وہ سب بھاڑ میں جائیں۔ آپ سب کے لیے یہ صرف وقت گزاری ہے، میرے پاس ان چیزوں کا وقت نہیں ہے۔ ان کے درمیان بہترین پارٹنر شپ ہے اور تم لوگ کھچڑی بنا رہے ہو۔ میرے پاس ان چیزوں کے لیے وقت نہیں ہے۔ یہ سب چھوٹی چھوٹی باتیں ہیں۔‘
یوٹیوب چینل پر صحافی ومل کمار کو دیے گئے انٹرویو میں روی شاستری نے انڈین ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے ٹیم کے حالیہ سکواڈ سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’واشنگٹن سندر نے بہت اچھا کھیلا بلکہ مجھے عمران ملک کا بولنگ انداز بھی اچھا لگا۔‘
سابق کوچ روی شاستری کا کہنا تھا کہ فاسٹ بولر عمران ملک میں صلاحیت ہے اگر وہ اسے برقرار رکھ سکیں۔