Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امن عامہ کے نیٹ ورک کو ہیک کرنا سنگین جرم ہے: پراسیکیوشن

خلاف ورزی پر10 برس قید اور50 لاکھ ریال جرمانہ ہوگا (فوٹو: ٹوئٹر)
ادارہ پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ داخلی امن و امان سے متعلقہ ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے کسی بھی سرکاری سسٹم یا ویب سائٹ کو ہیک کرنا قانوناً سنگین جرم ہے۔
یہ داخلی امن عامہ کو نقصان پہچانے کے زمرے میں آتا ہے۔ ایسا کرنے والوں کو سخت سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پراسیکیوشن نے اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ ریاست کے داخلی یا خارجی امن و امان یا قومی معیشت سے تعلق رکھنے والی حساس معلومات تک پہنچنے کے لیے کسی بھی ویب سائٹ یا معلوماتی سسٹم کے ذریعے رسائی قطعی طور پر ممنوع ہے۔
پراسیکیوشن کا مزید کہنا ہے کہ جو بھی اس پابندی کی خلاف ورزی کرے گا اسے 10 برس تک قید اور50 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہو گی۔
انفارمیشن کے حصول میں استعمال ہونے وا لے آلات، پروگرام یا وسائل ضبط کر لیے جائیں گے۔ ویب سائٹ بند کردی جائے گی علاوہ ازیں مذکورہ سہولت فراہم کرنے والے ذریعے کو مستقل بنیادوں پرسیل کر دیا جائے گا۔
پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ جو بھی کسی کو ایسا کرنے پراکسائے گیا یا اس کی مدد کرے گا یا اس قسم کے جرم کے ارتکاب میں حصہ لے گا اسے اس جرم پر مقررہ انتہائی سزا دی جائے گی۔

شیئر: