بچوں سے مالی منفعت کا حصول اور گداگری کرانا خلاف قانون: پبلک پراسیکیوشن
اتوار 20 نومبر 2022 19:57
کوئی شخص بچوں کو اذیت دینے یا نظر انداز کرنے کا مجاز نہیں ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی پبلک پراسیکیوشن نے تحفظ اطفال کو والدین اور سرپرستوں کی قانونی ذمہ داری قرار دیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ’ بچوں کے لیے خاص حقوق مقرر ہیں اور حق تلفی پر سخت سزائیں متعین ہیں۔ کوئی شخص بچوں کو اذیت دینے یا نظر انداز کرنے کا مجاز نہیں ہے۔‘
پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ ’بچوں کو فیملی کی جانب سے بے سہارا چھوڑنا، لاپروائی برتنا یا ان پر تشدد کرنا، شناختی دستاویز جاری نہ کرانا، یا شناختی دستاویز چھپانا، شناختی دستاویز کی حفاظت نہ کرنا، مقررہ ویکسین پوری نہ کرنا، تعلیم سے محروم کرنا، بدسلوکی سے پیش آنا، چھیڑ خانی کرنا یا زیادتی کے ماحول سے دوچار کرنا قانونا منع ہے‘۔
پبلک پراسیکیوشن نے بیان میں کہا کہ’ بچوں سے مالی منفعت کا حصول، گداگری یا وارداتوں میں ان سے ناجائز فائدہ اٹھانا، بچوں کے وقار کے منافی نازیبا زبان کا استعمال، بچوں کی توہین والے جملے استعمال کرنا، ان کی عمر کے حوالے سے نامناسب کام لینا بھی خلاف قانون ہے‘۔
’ بچوں کے ساتھ نسلی یا سماجی یا معاشی کسی بھی قسم کا امتیاز برتنا، ان کی تربیت یا دیکھ بھال میں لاپروائی برتنا، کم عمری میں ڈرائیونگ کی اجازت دینا یا ان کی سلامتی یا جسمانی و ذہنی صحت کو خطرات پیدا کرنے والے کسی بھی کام کی انہیں اجازت دینا بھی قانونا منع ہے۔‘