Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برازیل کی جیت پر کوچ کا رقص، ’گول بہتر تھا یا ڈانس؟‘

برازیل نے جنوبی کوریا کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 میں پیر کی رات جنوبی کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرانے کے بعد برازیل کے کوچ جو ٹائٹ کے نام سے جانے جاتے ہیں نے کھلاڑیوں کے ساتھ رقص کر کے کوارٹر فائنل تک رسائی کا جشن منایا۔
برازیل کی جانب سے ونی جونیئر، نیمار، ریکارلیسن ڈی اینڈریڈ اور لوکس پاکوئٹا نے ایک ایک گول کیا۔
کھیل کے 30 ویں منٹ میں جب ریکارلیسن ڈی اینڈریڈ نے برازیل کی جانب سے تیسرا گول کیا تو کھلاڑیوں کے ساتھ برازیلی کوچ ٹائٹ بھی رقص کرتے ہوئے نظر آئے اور ان کی یہ ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔
فٹ بال پنڈت کونر او نیل نے برازیلی کوچ کے ’پیجن ڈانس‘ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں کنفویوژڈ ہوں کہ کیا بہتر تھا وہ گول یا ٹائٹ کا ڈانس۔‘
لیکن کچھ لوگ ایسے بھی تھے جنہیں برازیلی کوچ کا رقص کرنا پسند نہیں آیا۔ فٹ بال کمنٹیٹر روئے کین کا کہنا ہے کہ ’میرے خیال میں ہر گول مارنے کے بعد ایسے رقص کرنا ہتک آمیز ہے۔‘
روئے کین نے مزید کہا ’پہلی بار رقص یا وہ جو بھی تھا اس سے مجھے فرق نہیں پڑتا لیکن یہ ہر وقت اچھا نہیں لگتا۔ یہ ہتک آمیز ہے اور پھر ان کے مینیجر (کوچ) کا بھی ایسا کرنا مجھے یہ پسند نہیں آیا۔‘
برازیلی کوچ نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم کھلاڑیوں کے ساتھ گھلنے ملنے کی کوشش کرتے ہیں۔ وہ ابھی بہت جوان ہیں اور میں ان کی زبان اپنانے کی کوشش کرتا ہوں اور رقص کرنا انہی کھلاڑیوں کی زبان کا حصہ ہے۔‘

شیئر: