Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مُردہ پچ پر شاندار بولنگ،‘ جمی اینڈرسن کے چرچے

جیمز اینڈرسن نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں 36 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے گذشتہ روز پاکستان کو راولپنڈی ٹیسٹ میں 74 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کر لی ہے اور انگلش ٹیم کی اس جیت پر سوشل میڈیا صارفین کھلاڑیوں کو بھرپور داد دیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
کھیل کے چوتھے دن جب انگلینڈ کے کپتان بین سٹوکس نے اننگز ڈیکلیئر کر کے پاکستان کو 343 رنز کا ہدف حاصل کرنے کی دعوت دی تو لوگوں نے اسے ان کی بہادری قرار دیا اور درجنوں افراد یہ کہتے ہوئے نظر آئے کہ انگلش ٹیم کے کپتان کو میچ ڈرا کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔
انگلینڈ کے تمام کھلاڑی اور ان کی کارکردگی ایک طرف لیکن انگلش فاسٹ بولر جمیز اینڈرسن کی بولنگ نے نہ صرف مہمان ٹیم کے بلکہ میزبان ٹیم کے پرستاروں کو بھی حیرت میں ڈالے رکھا ہے۔
پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں 40 سالہ جیمز اینڈرسن نے 24 اوورز کروائے اور صرف 36 رنز دے کر چار اہم وکٹیں بھی حاصل کیں اور ان وکٹوں میں امام الحق اور محمد رضوان بھی شامل تھے۔
عبداللہ نامی صارف نے جیمز اینڈرسن کی شاندار بولنگ کارکردگی کو سراہنے کے لیے انڈین سیریز ’مرزا پور‘ کی ایک میم کا سہارا لیا جس میں ایک بزرگ رقص کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں اور ساتھ ہی لکھا ہے ’چاچا تھوڑا ریسٹ کرلیجیے ورنہ ریسٹ ان پیس ہوجائیں گے۔‘
کرکٹ پر رپورٹنگ کرنے والے پاکستانی صحافی ارفہ فیروز نے لکھا کہ ’کون کہنا ہے کہ جمی اینڈرسن برصغیر میں ناکارہ ہیں؟ اس بہترین قابلیت کو کیا کہیں گے جس کے ذریعے راولپنڈی ٹیسٹ میں ایک مردہ پچ پر جمی اینڈرسن گیند سے باتیں کر رہے ہیں۔‘
جہاں بھی جیمز اینڈرسن کا ذکر آرہا ہے وہیں لوگ ان کی عمر کا بھی ذکر کرنا اپنا فرض سمجھ رہے ہیں۔ برطانوی ماہر قانون ازابیل ویسٹ بری کو یہ بات زیادہ پسند نہیں آئی اور انہوں نے لکھا ’ایک کھلاڑی کا انتخاب اس لیے کیا جاتا ہے کیونکہ یہ یقین ہوتا ہے کہ وہ کارکردگی کے سٹینڈرڈ کو یقینی بنا لے گا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’عمر پر کبھی غور نہیں کیا جاتا۔‘
آئس لینڈ کرکٹ بورڈ تو جیمز اینڈرسن سے اتنا متاثر ہوا کہ ان کی جانب سے انگلش فاسٹ بولر کو ’آئس لینڈ کی وائن‘ قرار دے دیا۔
آئس لینڈ کرکٹ کی جانب سے لکھا گیا کہ جیمز اینڈرسن 35 سال کی عمر تک پہنچنے کے بعد 54 ٹیسٹ میچ کھیل کر 205 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جبکہ انہوں نے اس دوران ہی 11 مرتبہ پانچ یا پانچ سے زائد وکٹیں حاصل کیں۔
جیمز اینڈرسن نے راولپنڈی میں پاکستان کے خلاف جیت کو اپنی ’زندگی کی بہترین جیت‘ قرار دیا ہے۔ انگلش بولر اپنے کیریئر میں اب تک 176 ٹیسٹ میچ کھیل کر 672 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

شیئر: