اسلام آباد... ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے چمن بارڈر پر افغان فورسز کی فائرنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افغان حکومت پر زور دیا کہ پاکستانی دیہات پر فائرنگ فوری بندکی جائے اگر افغانستان فائرنگ نہیں روکتا تو پاکستان جواب دینے کاحق محفوظ رکھتا ہے۔ ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ مردم شماری ٹیم پاکستانی علاقے میں اپنی حدود میں رہتے ہوئے کام کر رہی تھی۔ افغانستان کو پہلے سے آگاہ کیا تھا ۔اس کے باوجود افغان فورسز کی فائرنگ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغان صدر اشرف غنی کے بیانات محض الزامات ہیں۔ بیان بازی سے امن کے قیام میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔ ترجمان نے کہا کہ ہند اپنے نفرت انگیز منصوبوں کی تکمیل کے لئے افغانستان کی سرزمین استعمال کررہا ہے۔ ہند کے منفی کردار کے باعث افغانستان میں مسائل بڑھ رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں امن و اعتدال دیکھنا چاہتے ہیں۔قیام امن کے لئے ہماری کوششیں جاری ہیں اور جاری رہیں گی ۔نفیس زکریا نے کشمیر میں ہندوستانی مظالم کے حوالے سے کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادار کرے۔