Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ملتان ٹیسٹ میچ میں جادُو دکھانے والے سپنر ابرار احمد کون ہیں؟ 

’خواہش تو میری یہی ہے کہ میں انگلینڈ کے پانچ سے چھ کھلاڑی آؤٹ کروں لیکن جو روٹ اور بین سٹوکس میرا ہدف ہوں گے۔‘
انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز شروع  ہونے سے پہلے ابرار احمد سے اردو نیوز نے جب ڈیبیو سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے بڑے پراعتماد انداز میں پانچ سے چھ وکٹیں حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ  میں ہی ابرار احمد نے اپنی انگلیوں کا جادو دکھاتے ہوئے ڈیبیو ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 7 کھلاڑی آؤٹ کرنے کی خواہش نہ صرف پوری کر لی بلکہ ان چھ میں سے بین سٹوکس اور روٹ بھی شامل ہیں جو ان کے ہدف پر تھے۔ 
ابرار احمد ٹیسٹ ڈیبیو کرتے ہوئے پہلے سیشن میں پانچ وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے ہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو ٹیسٹ میں سات وکٹیں لینے والے تیسرے بولر ہیں۔ 
ابرار احمد نے کیرئیر کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 114 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں۔ ابرار احمد کے علاوہ ماضی میں محمد زاہد نے 66 رنز دے کر 7 وکٹیں جبکہ محمد نذیر نے 99 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
انگلینڈ کے بلے باز پاکستانی بولرز کے خلاف ایک بار ہھر جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کر رہے تھے لیکن ابرار احمد کی انگلیوں کے جادو پر انگلش بلے مشکلات کا شکار رہے۔
ابرار احمد کو ’مسٹری‘ سپنر کہا جاتا ہے یعنی بلے باز ہمیشہ سے سرپرائز میں رہتے ہیں کہ وہ کس قسم کی گیند کروائیں گے۔ انہوں نے نہ صرف انگلش بلے بازوں بلکہ متعدد کرکٹ شائقین کو بھی سرپرائز دیا۔
ابرار احمد ایک روایتی لیگ سپنر سے ہٹ کر مخلتف ورائٹی رکھتے ہیں، لیگ بریک اور گوگلی کے علاوہ انہیں کیرم بال کروانے کی بھی مہارت حاصل ہے۔
ابرار احمد کون ہیں؟ 
24 سالہ ابرار احمد کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے چھوٹے سے قصبے شنکیاری سے ہے تاہم ان کے والدین نے کراچی میں رہائش اختیار کر لی ہے۔
ابرار احمد کی پیدائش بھی کراچی میں ہی ہوئی جہاں ان کے والد ٹرانسپورٹ کے کاروبار سے منسلک ہیں۔ 

ابرار احمد پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے 13ویں بولر ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کی جانب سے پہلے ٹیسٹ میچ میں ابرار احمد نے اپنی کامیابی کے نقوش تو چھوڑ دیے ہیں لیکن ان کی ٹیم میں سلیکشن کے پیچھے کارکردگی پر بھی نظر ڈال لیتے ہیں۔ 
ابرار احمد قائد اعظم ٹرافی کے رواں سیزن میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیند باز ہیں۔
قائداعظم ٹرافی کے حالیہ سیزن میں انہوں نے سندھ کی نمائندگی کرتے ہوئے 12 اننگز میں وکٹیں حاصل کی ہیں جس میں انہوں پانچ مرتبہ ایک اننگز میں پانچ وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ 
پاکستان ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت سے پہلے ابرار احمد کو ٹی ٹونٹی سپشلسٹ کے طور پر دیکھا جا رہا تھا اس لیے انہیں پاکستان سپر لیگ کے 2020 کے ایڈشن میں بھی موقع دیا گیا۔
ابرار احمد نے پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کی تاہم وہ انجری خے باعث محض دو میچ ہی کھیل سکے۔ 
ابرار احمد کراچی میں راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی سے کلب کرکٹ کا آغاز کیا، کلب کرکٹ میں زیادہ تر کھلاڑی ماہانہ فیس دے کر کھیلتے ہیں تاہم ابتداء میں ہی کوچز نے ابرار احمد کی صلاحیتوں کو بھانپتے ہوئے ان کا ماہانہ وظیفہ مقرر کر لیا۔
 

شیئر: