حرا ڈسٹرکٹ 67 ہزار مربع میٹرسے زائد رقبے پر قائم کیا گیا ہے جس میں زائرین کے لیے مرکز بھی قائم کیا گیا ہے جبکہ غار حرا جانے والی سڑک، قرآن کریم عجائب گھراور وحی کے موضوع پر نمائش گاہ کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
حراکلچرل ڈسٹرکٹ کے ٹوئٹر پرکہا گیا ہے کہ ’غارحرا کی سب بڑی پہچان اولین نزول وحی کا مقام ہے۔‘
’وحی نمائش گاہ‘ میں پیغمبروں پر وحی نازل ہونے کا قصہ بیان کیا گیا ہے۔
پیغمبراسلام محمدﷺ پر وحی کے نزول کو خاص طورپراجاگر کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وحی سے جڑے ہوئے کردار غارحرا، ام المئومینین حضرت خدیجہ اور جبرائیل علیہ السلام کا تعارف دلکش انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کا دوسرا اہم مقام ’القرآن الکریم ‘ عجائب گھر ہے جس میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے قرآن کریم کا خوبصورت تعارف دیا گیا ہے۔ کتاب اللہ کے قلمی نسخوں کو پرکشش انداز میں دکھایا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ میں ریستوان اور قہوہ خانے بھی کھولے گئے ہیں جہاں زائرین کے لیے ملکی اور بین الاقوامی لذیز کھانوں اور مشروبات کا انتظام ہے۔
غار حرا کی پہچان اجاگر کرنے والے تحائف اور یادگاری اشیا فروخت کرنے والی دکانیں بھی قائم کی گئی ہیں۔