پرتگال نے اپنے سٹار کھلاڑی کرسیٹانو رونالڈو کے بغیر پری کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کو چھ گولز سے شکست دی تھی۔
مراکش پہلے ہی ٹورنامنٹ میں سپین اور بیلجیئم جیسی مضبوط یورپیئن ٹیموں کو ہرا کر اپنا لوہا منوا چکا تھا۔
پرتگال کو ہرا کر مراکش افریقن اور عرب فٹ بال کے اُفق پر نئے در کھولنے میں کامیاب ہوا اور سیمی فائنل کھیلنے والا پہلا افریقی عرب ملک بن گیا۔
مراکش کو الثمامہ سٹیڈیم میں شائقین کی بڑی تعداد نے سپورٹ کیا۔
میچ سے قبل مراکش کے کوچ کوچ وليد الركراكی نے کہا تھا ’ہمارے پیچھے ایک پوری قوم، ایک براعظم اور عرب دنیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم کر سکتے ہیں، ہم دوبارہ تاریخ رقم کر سکتے ہیں۔ یہ (حمایت) ہمیں آگے دھکیل سکتی ہے اور بغیر غلطیوں کے دباؤ میں کھیلنے میں مدد کر سکتی ہے۔‘
دوسری جانب پرتگال کرسیٹانو رونالڈو کے بغیر ہی میدان میں اترا۔ ان کی جگہ کھیلنے والے گونکالو راموس نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک کی تھی۔ تاہم دوسرے ہاف میں پرتگال کی ٹیم نے رونالڈو کو بھی میدان میں اتارا تاہم وہ بھی مراکش کی برتری ختم کرنے میں کامیان نہیں ہو سکے۔
فٹ بال ورلڈ کپ کا آخری کوارٹر فائنل انگلینڈ اور دفاعی چیمپئن فرانس کے درمیان آج رات 12 بجے کھیلا جائے گا ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی فٹبال ورلڈ کپ کے اعصاب شکن کوارٹر فائنل میچ میں کروشیا نے ہاٹ فیورٹ برازیل کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی تھی۔
جبکہ دوسرے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن نے نیدرلینڈز کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔