Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مراکشی سکیورٹی گارڈ جو سٹیڈیم میں ہونے کے باوجود اپنی ٹیم کا میچ نہ دیکھ سکا

قطر میں جاری فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے دوران جہاں ہمیں شاندار مقابلے دیکھنے کو مِل رہے ہیں وہیں گراؤنڈ سے باہر ہونے والے واقعات بھی دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں۔
منگل کے روز مراکش نے سپین کو حیران کن طور پر اَپ سیٹ شکست دیتے ہوئے ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
دونوں ٹیموں کی جانب سے مقررہ اور اضافی میچ میں کوئی گول نہیں ہوا جس کے بعد پینلٹی کِکس پر مراکش نے سپین کو 0-3 سے شکست دے کر کواٹر فائنل کے لیے رسائی حاصل کرلی۔
مراکش کی تاریخی جیت پر دنیا بھر میں بسنے والے مراکشی جیت کا جشن منا رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں مراکش اور سپین کے میچ کے دوران مراکش سے تعلق رکھنے والا سیکیورٹی گارڈ دوران ڈیوٹی پیٹھ پھیر کا اپنی ٹیم کی جیت کا جشن مناتا رہا۔
محمد فہد نامی ایک صارف نے ٹویٹ کیا اور کہا کہ ’اصلی ہیرو یہ مراکشی شخص ہے، یہ سٹیڈیم میں سکیورٹی کرتا ہے، اس کے وطن کی ٹیم ایک تاریخی میچ کھیل رہے تھی اور یہ اپنی پیٹھ پھیر کر ڈیوٹی کر رہا تھا تاکہ ہم محفوظ رہ سکیں، آپ اس کے چہرے پر تأثرات دیکھ سکتے ہیں جب مراکش جیت رہا تھا۔‘

فیفا ورلڈ کپ میں حفاظت پر مامور اس سکیورٹی گارڈ کا نام فخریدین ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فخریدین اپنی ٹیم کا میچ دیکھنا چاہتا ہے لیکن مجبوری کے باعث پیچھے مُڑ کر نہیں دیکھ سکتا اور جب مراکشی ٹیم میچ جیتتی ہے تو وہ جذباتی ہو جاتا ہے۔
مراکشی سکیورٹی گارڈ کی اس ویڈیو پر صارفین کی جانب سے تبصرے بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
ایک صارف نے ٹویٹ کیا اور کہا کہ ’براہ مہربانی انہیں پرتگال کے خلاف مراکش کے میچ کے لیے مفت ٹکٹ اور چھٹی دے دیں۔‘


قطر ان مائی ہارٹ نامی ایک ہینڈل نے لکھا کہ ’یہ سب برادشت کرنے کے لیے آپ کی شخصیت مضبوط ہونی چاہیے۔‘

شعیب نے لکھا کہ 'اس نے اپنی آخری لمحے تک اپنا فرض نبھایا ہے، خدا گواہ ہے کہ اسے خراج تحسین پیش کیا جائے۔'

خیال رہے مراکش 10 دسمبر کو پرتگال کے خلاف فیفا ورلڈ کپ کا کوارٹر فائنل کھیلے گا۔

شیئر: