Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روسی ڈرون حملہ، یوکرینی شہر اوڈیسا کی 15 لاکھ آبادی اندھیرے میں

علاقے کے گورنر میکسم مارشنکو نے بتایا کہ روس نے رات گئے شہر کو ’کامیکازی ڈرونز‘ سے نشانہ بنایا۔ فوٹو: روئٹرز
یوکرین کے شہر اوڈیسا پر روسی ڈرون حملوں سے بجلی کا نظام تباہ ہو گیا ہے اور 15 لاکھ آبادی اندھیرے میں ڈوبی ہوئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ان حملوں کے بعد یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بتایا کہ ’رات ایرانی ڈرون سے کیے گئے حملوں کے بعد اوڈیسا، علاقے کے دیگر شہر اور دیہات اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت اوڈیسا کے علاقے میں 15 لاکھ شہری بجلی کے بغیر رہ رہے ہیں۔
علاقے میں بجلی کی فراہمی کے ذمہ دار محکمے نے خبردار کیا ہے کہ بحالی کے عمل میں ہفتوں لگ سکتے ہیں اور شاید یہ کام تین ماہ میں مکمل ہو سکے۔
صدارتی دفتر کے ترجمان کریلو تموشنکو نے بتایا کہ صرف ہسپتالوں جیسی اہم تنصیبات کو بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’حالات نہایت مشکل ہیں لیکن صورتحال قابو میں ہے۔‘
رواں سال 24 فروری کو روسی کی افواج کے پڑوسی ملک پر حملے سے قبل اوڈیسا میں بحیرہ اسود کا ساحلی علاقہ روس اور یوکرین کے سیاحوں کا پسندیدہ مقام تھا۔
علاقے کے گورنر میکسم مارشنکو نے بتایا کہ روس نے رات گئے شہر کو ’کامیکازی ڈرونز‘ سے نشانہ بنایا۔
انہوں نے بتایا کہ ’حملے کے نتیجے میں ہمارے علاقے کے تمام اضلاع کی کمیونٹی کے لیے بجلی کی فراہمی منقطع ہو چکی ہے۔‘ 

روس نے رواں سال 24 فروری کو پڑوسی ملک یوکرین پر حملہ کیا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

گورنر کے مطابق یوکرین کی دفاعی افواج نے دو ڈرون مار گرائے۔ 
جمعے کو یوکرین کے صدارتی دفتر نے کہا تھا کہ جنگ سے تباہ حال ملک کے توانائی کے ذرائع کو روس مسلسل نشانہ بنا رہا ہے۔
گزشتہ پیر کو بھی روس نے یوکرین کی متعدد اہم تنصیبات پر کروز میزائل داغے تھے۔

شیئر: