Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملتان ٹیسٹ میں پاکستان کو 26 رنز سے شکست، سیریز انگلینڈ کے نام

چوتھے دن سعود اور نواز کی 80 رنز کی شراکت داری بھی میچ نہ بچا سکی: فوٹو اے ایف پی
ملتان میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 26 رنز سے شکست دے کر تینوں میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
ملتان ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 355 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستان کی ساری ٹیم 328 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
چوتھے روز کا کھیل پیر کی صبح شروع ہوا تو گرین شرٹس کی جانب سے سعود شکیل اور فہیم اشرف نے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تاہم تھوڑی دیر بعد ہی فہیم اشرف 10 رنز پر ووڈ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد سعود شکیل اور محمد نواز کے درمیان 80 رنز کی شراکت داری نے پاکستان کی پوزیشن مستحکم کر دی تاہم محمد نواز 45 رنز پر ووڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
مجموعی سکور میں ایک رن کے اضافے کے بعد سعود شکیل کو ووڈ نے 94 رنز پر کیچ آؤٹ کر دیا۔  8ویں وکٹ ابرار کی گری جو اینڈرسن کی گیند پر باؤنڈری لگانے کی کوشش میں 17 رنز پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
9ویں وکٹ زاہد محمود کی گری جنھیں ووڈ نے صفر پر کلین بولڈ کر دیا۔ 9 وکٹیں گرنے کے بعد آغا سلمان نے جارحانہ اننگز کھیلنے کی کوشش کی لیکن دوسرے اینڈ سے محمد علی صفر پر آؤٹ کیچ آؤٹ ہو گئے۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 74 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی تھی۔ 
تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا تیسرا میچ 17 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔ 
تیسرے روز کا کھیل
اتوار کو تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے انگلینڈ کے 355 رنز کے تعاقب میں چار وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے تھے۔
کھیل کم روشنی کی وجہ سے مقررہ وقت سے قبل ختم کر دیا تھا اس وقت سعود شکیل 54 اور فہیم اشرف تین رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
قبل ازیں پاکستان کی جانب سے امام الحق کی جگہ محمد رضوان کو اوپننگ کے لیے بھیجا گیا تھا تاہم وہ 30 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی ایک عمدہ بال پر بولڈ ہو گئے تھے۔ 
کپتان بابر اعظم صرف ایک رن بنا سکے۔ انہیں روبنسن نے بولڈ کیا۔ عبداللہ شفیق 45 رنز بنا کر مارک وُڈ کی ایک اندر آتی ہوئی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
ابتدائی تین وکٹیں گرنے کے بعد امام الحق اور سعود شکیل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 108 رنز کی پارٹنرشپ کی۔
دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سینچریاں بھی مکمل کیں اور پاکستان کو بہتر پوزیشن پر پہنچا دیا۔ 
تاہم 191 کے مجموعی سکور پر امام الحق لیچ کی گنید پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 60 رنز بنائے تھے۔
 

شیئر: