ملتان ٹیسٹ: پاکستانی ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے باوجود فتح کی امید قائم
ملتان ٹیسٹ: پاکستانی ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے باوجود فتح کی امید قائم
اتوار 11 دسمبر 2022 8:46
پاکستانی ٹاپ آرڈر ایک بار پھر ناکام رہا (فوٹو: اے ایف پی)
ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان نے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چار وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنالیے ہیں۔
اتوار کو ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن جب کم روشنی کی وجہ سے کھیل جلد ختم کیا گیا تو سعود شکیل 54 اور فہیم اشرف تین رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
پاکستان کو اس میچ میں فتح کے لیے 157 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی چھ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے امام الحق کی جگہ محمد رضوان کو اوپننگ کے لیے بھیجا گیا تھا تاہم وہ 30 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی ایک عمدہ بال پر بولڈ ہوگئے۔
کپتان بابر اعظم صرف ایک رن بنا سکے، انہیں روبنسن نے بولڈ کیا۔ عبداللہ شفیق 45 رنز بنا کر مارک وُڈ کی ایک اندر آتی ہوئی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
ابتدائی تین وکٹیں گرنے کے بعد امام الحق اور سعود شکیل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 108 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سینچریاں بھی مکمل کیں اور پاکستان کو بہتر پوزیشن پر پہنچا دیا۔
191 کے مجموعی سکور پر امام الحق لیچ کی بال پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 60 رنز بنائے۔
اتوار کو ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 275 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور مجموعی طور پر 354 رنز کی برتری حاصل کی۔
انگلینڈ نے اپنے گذشتہ روز کے سکور 281 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ اننگز کا آغاز کیا تو ہیری بروک نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے اپنے کیریئر کے دوسری سینچری مکمل کی۔
پاکستان کو کامیابی 256 کے سکور پر ملی جب محمد نواز نے بین سٹوکس کوآؤٹ کیا، انہوں نے 41 رنز بنائے۔ پاکستانی بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور انگلینڈ کی آخری چار وکٹیں بھی محض 19 رنز کے اضافے کے ساتھ گر گئیں۔
پاکستان کی جانب سے ابرار ایک نے چار، زاہد محمود نے تین اور محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ دو بلے باز رن آؤٹ ہوئے۔
ابرار احمد کا اعزاز
ابرار احمد اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں دس وکٹیں حاصل کرنے والے 18ویں بولر بن گئے، جبکہ پاکستان کی جانب سے یہ کارنامہ اس سے پہلے محمد زاہد نے نیوزی لینڈ کے خلاف سرانجام دیا تھا۔ انہوں نے مجموعی طور پر اس میچ میں 11 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ابرار احمد نے پہلی اننگز میں سات وکٹیں حاصل کی تھیں اور دوسری اننگز میں انہوں نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کی دوسری اننگز میں زیک کرولی تین رنز بنا کر ابرار احمد کی تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ول جیکس ابرار احمد کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
جو روٹ نے 21 رنز بنائے اور وہ بھی ابرار احمد کی بال پر آؤٹ ہوئے، عبداللہ شفیق نے ان کا خوبصورت کیچ لیا۔
چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز بین ڈکٹ تھے، جو 79 رنز بنا سکے۔ انہیں بھی ابرار احمد نے آؤٹ کیا۔ اولی پاپ چار رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی پہلی اننگز کے سکور 281 رنز کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 202 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور اس طرح انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 79 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
جمعے کو انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
میچ کے پہلے دن انگلش ٹیم 281 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔