ویمن ٹی20 ورلڈ کپ اور آسٹریلیا کے دورے کے لیے سکواڈ کا اعلان
جنوبی افریقہ میں آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 10 فروری سے 26 فروری تک ہو گا (فوٹو: اے ایف پی)
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال نے جنوبی افریقہ میں ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ اور آسٹریلیا کے دورے کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
بدھ کو پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ اور آسٹریلیا کے دورے میں بسمہ معروف ہی ٹیم کی کپتانی کریں گی۔
جنوبی افریقہ میں آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 10 فروری سے 26 فروری تک ہو گا۔
آسٹریلیا میں ون ڈے میچز 16، 18 اور 21 جنوری اور ٹی20 میچز 24، 26 اور 29 جنوری کو ہوں گے۔
اس سکواڈ کا فیصلہ اسماویہ اقبال، نگران ہیڈ کوچ سلیم جعفر اور بسمہ معروف نے کیا۔
فاسٹ بولر ڈیانا بیگ کی شولڈر انجری کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ سپنرز سعدیہ اقبال اور توبیٰ حسن بھی ہاتھ اور انگلی کی زنجریز کے بعد ٹیم میں واپس آ گئی ہیں۔ سعودیہ اقبال آسٹریلیا کی ون ڈے سیریز اور ٹی20 ورلڈ کپ میں شامل ہوں گی، جبکہ لیگ سپنر توبیٰ حسن ٹی20 ورلڈ کپ کا حصہ ہوں گی۔
چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال نے کہا کہ ’میں آسٹریلیا اور ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے منتخب ہونے والی کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہوں۔ مجھے اُمید ہے کہ سکواڈ ایسا ہی کھیل پیش کریں گی جیسا انہوں نے ویمن ایشیا کپ اور آئرلینڈ سیریز میں کیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’آسٹریلیا کے خلاد ون ڈے سیریز بہت اہم ہے کیونکہ ہم چھ آئی سی سی چیمپئن شپ میچز جیتے ہیں اور ہمارا مقصد براہ راست 50 اوورز کے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنا ہے۔‘
چیف سلیکٹر نے کہا کہ ’ڈیانا بیگ، سعدیہ اقبال اور توبیٰ حسن سے ہمارا بولنگ اٹیک مضبوط ہو گا۔ سدرہ نواز کو سیکنڈ وکٹ کیپر بنایا گیا ہے تاکہ منیبہ عارف کو بیٹنگ کا بھی موقع مل سکے۔‘
جنوبی افریقہ میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان گروپ ٹو میں ہے جس میں انگلینڈ، انڈیا، آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔ پاکستان اپنا پہلا میچ انڈیا کے خلاف 12 فروری، آئرلینڈ کے خلاف 15 فروری، ویسٹ انڈیز کے خلاف 19 فروری اور چوتھا میچ انگلینڈ کے خلاف 21 فروری کو کھیلے گا۔