نسیم شاہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے باہر
منگل 13 دسمبر 2022 20:02
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
نسیم شاہ کا نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں علاج سے قبل مزید معائنہ کیا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ سے فاسٹ بولر نسیم شاہ انجری کے سبب باہر ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فاسٹ بولر نسیم شاہ کے کراچی ٹیسٹ سے باہر ہونے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک اور دھچکا لگا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خبر دی ہے کہ نسیم شاہ کندھے میں تکلیف کے باعث کراچی ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
نسیم شاہ کا لاہور میں واقع پی سی بی کے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں علاج سے قبل مزید معائنہ کیا جائے گا۔
نسیم شاہ پہلے فاسٹ بولر نہیں جو زخمی ہوئے ہوں۔
ان سے پہلے راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں فاسٹ بولر حارث رؤف بھی انجری کا شکار ہونے کے بعد سیریز کے بقیہ میچز سے باہر ہو گئے تھے۔
شاہین شاہ آفریدی آسٹریلیا میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انجری کا شکار ہو کر انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے دو میچز میں انگلش ٹیم پاکستان کو شکست دے چکی ہے جبکہ سیریز کا آخری میچ 17 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔